شہداد پور:طلبا کی صلاحیتیں اجاگر کرنے کیلئے خطاطی، مصوری مقابلے
پروگرام کا مقصد نوجوان نسل میں تخلیقی سوچ کا فروغ، فنونِ لطیفہ کی اہمیت اجاگر کرنااے ٹی آئی کے تحت اہتمام، خصوصی بورڈ کارکردگی جانچ کر پوزیشنوں کا فیصلہ کرے گا
شہدادپور(نمائندہ دنیا)انجمن طلبہ اسلام کے زیر اہتمام طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں تحریر، مصوری اور خطاطی کے مقابلے ہوئے ۔ اس پروگرام کا مقصد نوجوان نسل میں تخلیقی سوچ کو فروغ دینا اور فنونِ لطیفہ کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔ تقریب میں مختلف تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے بھرپور شرکت کی اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ طلبہ کی جانب سے پیش فن پاروں، تحریروں اور خطاطی کے نمونوں کو حاضرین نے خوب سراہا۔ منتظمین کے مطابق مقابلے میں شریک طلبہ کی کارکردگی کا جائزہ ایک خصوصی بورڈ لے گا، جو میرٹ کی بنیاد پر پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن کا فیصلہ کریگا۔
جس کے بعد کامیاب طلبہ میں انعامات تقسیم کیے جائینگے ۔ تقریب میں مختلف معزز شخصیات اور انجمن طلبہ اسلام کے عہدیداران نے بھی شرکت کی، شرکاء نے بہترین پروگرام کے انعقاد پر انجمن طلبہ اسلام شہدادپور کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اس طرح کی مثبت سرگرمیاں طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ منتظمین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے تعلیمی و تخلیقی پروگرامز کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔