شہریوں کو پتھر کے دورمیں دھکیل دیا گیا،سردار رحیم
مسائل حل کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے ، کراچی کو لاوارث نہیں چھوڑیں گےمنشیات کا بڑھتا رجحان نوجوان نسل کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ،عشائیے سے خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر بھرپور آواز اٹھائی جائے گی، کراچی کو لاوارث نہیں چھوڑا جائے گا ،صوبے میں منشیات کا بڑھتا رجحان نوجوان نسل کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ہے جبکہ حکمران عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے ذاتی مفادات اور کرپشن میں مصروف ہیں۔ فنکشنل مسلم لیگ کراچی ڈویژن کے نومنتخب صدر انور عظیم ایڈووکیٹ کی جانب سے دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں منشیات کی روک تھام میں حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ،تعلیمی اداروں سے لے کر گلی محلوں تک کھلے عام منشیات فروخت ہو رہی ہے جو نوجوانوں کے مستقبل کو تباہ کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا صحت، تعلیم، زراعت، آبپاشی اور خصوصاً کراچی کا انفرااسٹرکچر حکومتی نااہلی کے باعث تباہ حالی کا شکار ہے اور عوام بنیادی سہولتوں سے محروم ہو چکے ہیں، حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں نے شہریوں کو پتھر کے دورمیں دھکیل دیا ہے جبکہ کراچی شہر کو نظر انداز کر کے اس کے وسائل کو بے دردی سے لوٹا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا موجودہ صورتحال سے نجات کا واحد راستہ پیر پگارا کی قیادت کو مضبوط کرنا ہے ، فنکشنل لیگ کا ایجنڈا عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی، ملک میں سیاسی استحکام اور پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر بھرپور آواز اٹھائی جائے گی اور کراچی کو لاوارث نہیں چھوڑا جائے گا۔