میرپور ماتھیلو:بجلی چوروں، نادہندگان کیخلاف آپریشن، متعدد گرفتار
سخت قانونی کارروائی کاآغاز، سیپکو ٹیم نے نادہندہ آئس فیکٹری کا ٹرانسفارمر اتار لیابجلی چوری میں ملوث عناصر قومی دشمن کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائیگی، ایکسین
میرپورماتھیلو (نمائندہ دنیا) سیپکو ٹیم نے پولیس، رینجر اور حساس اداروں کے ہمراہ نادہندگان اور بجلی چوروں کے خلاف میگا آپریشن شروع کردیا، جس میں متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ سیپکو ٹیم نے نادہندہ آئس فیکٹری کا ٹرانسفارمر اتار کر تحویل میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق ضلع گھوٹکی کے علاقے میرپورماتھیلو میں سیپکو سب ڈویژن کی جانب سے پولیس ، رینجر اور حساس اداروں کے ہمراہ ایکسین سیپکو عظیم عباسی اور ایس ڈی او غلام علی کولاچی کی قیادت میں بجلی چوروں اور نادہندگان کیخلاف مختلف علاقوں میں آپریشن کا آغاز کرتے ہوئے نادہندہ آئس فیکٹری کا ٹرانسفارمر تحویل میں لے لیا، جبکہ مختلف مقامات سے درجن سے زائد نادہندہ صارفین کو گرفتار کیا گیا، اس ضمن میں ایکسین سیپکو عظیم عباسی اور ایس ڈی او غلام علی کولاچی نے کہا کہ وزیراعظم کے سخت احکامات کے بعد بجلی چوری کے خاتمے اور لاکھوں روپے کے نادہندگان کے خلاف آپریشن شروع کیا ہے ، جس میں متعد گرفتاریاں ہوئی ہیں، انہوں نے کہا کہ بجلی چوری میں ملوث عناصر قومی مجرم ہیں، جن سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، نادہندگان کو وارننگ دیتے ہوئے افسران کا کہنا تھا کہ سخت قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے وہ جلد اپنے بقایا جات ادا کریں، سیپکو کی جانب سے گل کالونی، سومرا کالونی، کوثر کالونی، فیصل کالونی اور ماسٹر کالونی سمیت دیگر علاقوں میں کارروائی عمل میں لائی گئی جس میں درجنوں غیر قانونی کنکشن ختم کرکے گرفتاریاں کی گئی ہیں۔