جامشورو میں زرعی زمین پرتجارتی سرگرمیاں، مالکان کیخلاف کارروائی کاعندیہ
ایم نائن موٹروے پرقائم نجی فیکٹری کوقواعد وضوابط پورے نہ کرنے پرحتمی نوٹس جاریپلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ ڈویژن نے قانونی کارروائی کیلئے ضلعی انتظامیہ کوبھی آگاہی دیدی
کوٹری(نامہ نگار)ادارہ ترقیات سہون نے جامشورو میں زرعی زمین پر تجارتی سرگرمیاں کرنیوالے مالکان کیخلاف کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے ایس ڈی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ نے ایم نائن پر قائم نجی فیکٹری کو قواعد وضوابط پورے نہ کرنے پر حتمی نوٹس جاری کردیا۔ قانونی کارروائی کیلئے ضلعی انتظامیہ جامشورو کو بھی آگاہی دیدی گئی۔ اس ضمن میں ایس ڈی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ کنٹرول نے ایم نائن موٹروے پر قائم نجی فیکٹری کو حتمی نوٹس نمبرDD/P&DC/SDA/67/2026 دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کی فیکٹری صنعتی زون سے باہر ہے اور آپ نے ابتک لے آؤٹ پلان بھی پاس نہیں کرایا اور نہ ہی آپ نے اپنی زمین 187ایکڑ دیہہ ہتھل بوتھ تعلقہ تھانہ بولاخان کی حیثیت تبدیل کرائی ہے ، آپ نے فیکٹری پر بجلی، گیس کے کنکشن بھی خلاف قانون حاصل کئے ہیں۔اس حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹر عامر خان نے بتایا کہ غیرقانونی تعمیرات اور اسکیموں کیخلاف کارروائیوں کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا جس پر متعدد غیرقانونی اسکیموں کی تجاوزات کو منہدم کیا گیااور بعض کو نوٹس دیئے گئے تھے کہ وہ قواعد وضوابط کے مطابق ادارے کا اجازت نامہ حاصل کریں جس پر حتمی نوٹس جاری کئے گئے ہیں جس پر جلد کارروائی کی جائے گی جس سے متعلق ضلعی انتظامیہ کو بھی آگاہی دی جاچکی ہے۔