باڑہ مالکان نے ازخود دودھ کی قیمت بڑھا دی، ریٹیل فروش

باڑہ مالکان نے ازخود دودھ کی قیمت بڑھا دی، ریٹیل فروش

230روپے لیٹر باڑے سے فراہم کیا جارہا، ہم اسی قیمت پرکیسے بیچ سکتے ہیںباڑوں سے فی لیٹر دودھ قیمت 200روپے مقرر کی جائے ، رہنماؤں کی اپیل

حیدرآباد (بیورو رپورٹ)ریٹیل دودھ فروش دکانداروں نے باڑا مالکان کی جانب سے فی کلو دودھ 230روپے مقرر کرنے کے خلاف پریس کلب کے سامنے ارشاد عباسی اور دیگر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔اس موقع پر دکانداروں نے کہا کہ ملک میں پٹرول، ڈیزل، گیس، بجلی اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، جس کے باعث روزمرہ استعمال کی اشیا ء مہنگی ہوتی جا رہی ہیں اور ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ، جس کا براہِ راست اثر دودھ فروش دکانداروں پر پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ باڑا مالکان دودھ کی قیمت بڑھا دیتے ہیں، جس کے باعث ریٹیل دکاندار بھی قیمت بڑھانے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ڈپٹی کمشنر نے دودھ کی فی کلو قیمت 220روپے سے بڑھا کر 230روپے مقرر کی ہے ، تاہم باڑا مالکان نے ازخود قیمت بڑھا کر فی کلو 230روپے کر دی ہے ، جو کہ ریٹیل دکانداروں کے ساتھ ناانصافی ہے ۔دکانداروں نے کہا کہ اگر انہیں باڑے سے ہی 230روپے فی کلو دودھ ملے گا تو وہ شہریوں کو اسی قیمت پر کیسے فروخت کر سکیں گے ۔ انہوں نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سے اپیل کی کہ باڑوں سے دودھ کی فی کلو قیمت 200 روپے مقرر کی جائے تاکہ وہ ریٹیل میں 230روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کر سکیں، بصورت دیگر وہ 230روپے فی کلو خرید کر اسی قیمت پر فروخت کرنے سے قاصر ہوں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں