قربانی کے جانوروں کی آلائشیں پھینکنے پرپابندی کافیصلہ

قربانی کے جانوروں کی آلائشیں پھینکنے پرپابندی کافیصلہ

ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں ضلعی ویجی لینس اسکواڈز قائم کیے جائیں گے ٹھکانے لگانے کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے کمشنر کی زیرصدارت اجلاس

کراچی (این این آئی)کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیرِ صدارت ان کے دفتر میں عیدالاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا، جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سڑکوں، محلوں اور کھلے علاقوں میں آلائشیں پھینکنے اور کھالیں اتارنے پر پابندی ہوگی، جبکہ نالوں میں آلائشیں پھینکنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس ضمن میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آلائشیں اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کے لیے ہنگامی منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے ، جس کے تحت شہر کے تمام اضلاع میں 97 کلیکشن پوائنٹس قائم کیے جائیں گے ، جن کی نشاندہی مکمل کر لی گئی ہے ۔ آلائشوں کو کلیکشن پوائنٹس سے لینڈ فل سائٹس، خصوصا جام چاکرو منتقل کیا جائے گا۔فیصلہ کیا گیا کہ  ڈور ٹو ڈور آلائشیں جمع کرنے کے لیے ہینڈ ٹرالیاں، پک اپس، ٹریکٹر ٹرالیاں فراہم کی جائیں گی۔کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ خود اس عمل کی نگرانی کریں ۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ شکایات کے ازالے اور خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں ضلعی ویجیلینس اسکواڈز قائم کیے جائیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں