جھڈو :ڈائریا اور گیسٹرو پھیلنے سے 2 بچیاں جاں بحق
شہر کے سرکاری ونجی اسپتالوں میں سیکڑوں مریض داخل، بچوں کی تعداد زیادہ تعداد بڑھنے پر مریضوں کو حیدرآباد کے نجی سرکاری اسپتالوں میں ریفر کیا جا رہا
جھڈو (نمائندہ دنیا) جھڈو میں شدید گرمی سے ڈائریا اور گیسٹرو پھیل گیا، 2 بچیاں جاں بحق، بڑی تعداد میں بچے اور بڑے اسپتالوں میں داخل۔ تفصیلات کے مطابق جھڈو اور گردونواح کے علاقے رواں دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں اور درجہ جرارت 44 سینٹی گریڈ سے تجاوز کرگیا ہے ۔ شدید گرمی سے شہری اور دیہی علاقوں کے زندگی کے معاملات شدید متاثر ہوگئے ہیں ۔ گرمی کی شدت بڑھتے ہی جھڈو اور گرد ونواح میں ڈائریا اور گیسٹرو وبائی صورت اختیار کرتا جارہا ہے اور شہر کے سرکاری و نجی اسپتالوں میں سیکڑوں کی تعداد میں ڈائریا اور گیسٹرو میں مبتلا مریض لائے جارہے ہیں ۔ ان میں بڑی تعداد بچوں کی ہے ۔ مرض کی شدت اور مریضوں کی تعداد بڑھنے پر مریضوں کو جھڈو سے حیدرآباد کے نجی سرکاری اسپتالوں میں ریفر کیا جا رہا ہے ۔ گزشتہ روز جھڈو میں ڈائریا اور گیسٹرو میں مبتلا ہوکر 2 اسکول طالبات 8 سالہ ندا سلیم اور 13 سالہ نرگس اللہ بخش انتقال کر گئیں۔ والدین کے مطابق بچیوں کو پہلے الٹی دست شروع ہوئے ، اس کے بعد انہیں تیز بخار ہوا اور جھٹکے لگنا شروع ہوگئے ، جس کے بعد اسے تشویشناک حالت میں حیدرآباد اسپتال لایا گیا گیا جہاں پر دوران علاج انتقال کر گئیں۔