اندرون سندھ:فائرنگ واقعات، خاتون سمیت 3 جاں بحق
حیدر آبادمیں نشے کے عادی شوہر بلال شاہ نے بیوی ماہ نور کو گولیوں کا نشانہ بنایاپڈعیدن کے قریب حساس ادارے کا ریٹائرڈملازم،مٹیاری میں نوجوان نشانہ بنے
حیدرآباد، پڈعیدن، مٹیاری، محراب پور (بیورورپورٹ، نمائندگان دنیا) حیدر آباد سمیت مختلف شہروں میں فائرنگ واقعات، خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ حیدرآباد میں تھا نہ پھلیلی کی حدود اوڈین سینما کے علاقے میں گھریلو جھگڑے پر نشے کے عادی شوہر بلال شاہ نے 25 سالہ بیوی اور پانچ سالہ بچے کی ماں ماہ نور مگسی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اور فرار ہوگیا۔ ملزم نے ماہ نور سے پسند کی دوسری شادی کی تھی۔ اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش پوسٹ مارٹم کے لئے سول اسپتال منتقل اور قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی۔ پولیس نے آلہ قتل پسٹل برآمد کرکے 2افراد حراست لے لئے۔ پڈعیدنکے گاؤں مہاڑی لنک روڈ پر مسلح افراد نے ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کرکے حساس ادارے کے ریٹائرڈ ملازم عابد علی ولد عبدالرزاق کو قتل کر دیا، تاہم کوٹ لالوپولیس کا کہنا ہے کہ عابد علی بھٹی کا قتل دشمنی کا نتیجہ ہے ، موقع واردات سے ڈکیتی واردات کاکوئی کوئی ثبوت نہیں ملاہے ۔ لاش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔ پولیس واقعہ کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔ مٹیاری کے قریب کچے میں مری اور بگٹی برادری میں جھگڑے کے دوران گولیاں لگنے سے نوجوان فتح محمد بگٹی جاں بحق ہوگیا۔پولیس کے مطابق واقعہ خاتون سے چھیڑ چھاڑ کرنے کی وجہ سے پیش آیا۔