حیدر آباد:مہران ورکرز واٹر کارپوریشن کے افسران پرالزامات

حیدر آباد:مہران ورکرز واٹر کارپوریشن کے افسران پرالزامات

ملازمین 17ماہ کی تنخواہ سے محروم، افسران نے عید سے قبل ایڈوانس تنخواہ لے لیاقدام محنت کشوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے ، اسلم عباسی ودیگر

حیدر آباد (بیورو رپورٹ)مہران ورکرز یونین (واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن حیدرآباد) کے جنرل سیکریٹری محمد اسلم عباسی اور دیگر عہدیداران نے الزام لگایا ہے کہ ادارے کی انتظامیہ نے عید الاضحی پر 17 ماہ کی تنخواہوں اور پنشنز سے محروم محنت کشوں کے زخموں پر مزید نمک پاشی کرتے ہوئے ادارے کے چیف ایگزیکٹو اور ایچ آر مینجمنٹ آفیسر سمیت ان کے چہیتوں نے عید سے ایک روز قبل اپنی ماہ مئی 2026 کی تنخواہ بھی ایڈوانس وصول کرلی ہے ۔ دوسری طرف آئے روز ادارے کے 17 ماہ کی تنخواہ اور پنشنز سے محروم محنت کش موت کو گلے لگا رہے ہیں، عید کے موقع پر مہران ورکرز یونین کے سابق صدر راجہ خان پالاری بھی معاشی پریشانیوں کے باعث بروقت علاج نہ ہونے کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے گئے ۔ دوسری طرف ادارے کی ظالم بے حس انتظامیہ نے عید سے ایک روز قبل ورک چارج کنٹریکٹ ملازمین کو صرف ایک ماہ کی تنخواہ ادا کرکے ادارے میں موجود بقایا رقوم سے اپنی ماہ مئی 2026 کی ایڈوانس تنخواہیں بھی وصول کرلیں۔ ہم ادارے کی انتظامیہ کو یاد دلانا چاہتے ہیں کی خدا کی لاٹھی بے آواز ہے ، ایک روز ضرور ان کے لئے ادارے کے محنت کشوں کی بددعائیں رنگ لائیں گی اور یہ دردر کی ٹھوکریں کھائیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں