ترقیاتی منصوبوں، شہری سہولیات اور انفرااسٹرکچر بہتری پر غور
ناصر شاہ کی زیرصدارت اجلاس، پانی، نکاسی آب کے منصوبوں پر تبادلہ خیال پانی ذخیرہ کرنے ،واٹر ری چاجنگ منصوبوں پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت محکمہ بلدیات کا اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکریٹری بلدیات، اسپیشل سیکریٹری بلدیات، ڈی جی کے ڈی اے ، ڈی جی ایم ڈی اے ، سی او او واٹر بورڈ، ڈائریکٹر میگا پروجیکٹس اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام، جاری منصوبوں کی پیش رفت اور نئے ترقیاتی منصوبوں کے خدوخال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ سیکریٹری بلدیات نے اجلاس کو آئندہ سال کے ترقیاتی منصوبوں اور مجوزہ اسکیموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے مختلف محکموں کی ترجیحات اور منصوبہ بندی سے آگاہ کیا۔
اجلاس میں ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی، لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی، سہون ڈیولپمنٹ اتھارٹی، کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور میگا پروجیکٹس سے متعلق ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ لیا گیا جبکہ شہری انفرااسٹرکچر کی بہتری، سڑکوں، نکاسی آب، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور شہری سہولیات میں اضافے کے منصوبوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں بارش کے پانی کو زیر زمین ذخیرہ کرنے اور واٹر ری چارجنگ منصوبوں پر خصوصی غور کیا گیا۔ سید ناصر حسین شاہ نے ہدایت کی کہ صوبے بھر میں ترقیاتی اسکیموں کے آغاز کے لیے جامع اور مؤثر منصوبہ بندی کی جائے اورایسے منصوبوں کو ترجیح دی جائے جن سے براہ راست شہریوں کو فائدہ پہنچے ،صوبے میں انفرااسٹرکچر کی بہتری، شہری سہولیات کی فراہمی اور پائیدار ترقی کے منصوبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے جبکہ جاری ترقیاتی اسکیموں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے تمام متعلقہ ادارے اپنی کارکردگی مزید بہتر بنائیں۔