ملاح برادری کے گھر گرانے کیلئے کرین نہ دینے پرپولیس کوغصہ
کرین کے شیشے توڑ دیئے ، ٹائروں سے ہوا نکال دی، اہلکار بیٹری بھی لے گئےگزشتہ روز گھر میں گھسنے پر خواتین نے اہلکار یرغمال بنائے ، اسلحہ چھین لیا تھا
محراب پور(نمائندہ دنیا)ملاح برادری کے گھر مسمار کرنے کے لئے کرین نہ دینے پر پولیس نے کرین کے شیشے توڑ دیئے ، ٹائروں سے ہوا نکال کر بیٹری لے گئی، گزشتہ روز گاؤں بڈو میر بحر میں گھر وں میں گھس کر چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے والے پولیس کانسٹیبل خیر محمد راجپر اور حسنین ملک سے خواتین نے اسلحہ چھین کرانہیں یرغمال بنا لیا تھا، ملاح برادری کی مقامی شخصیت کے ذریعے مقدمہ نہ کرنے کی یقین دہانی پر اسلحہ واپس ہوا، لیکن ایس ایچ او محراب پور راجہ نوید سرفراز نے وعدہ خلافی کرتے ہوئے ملاح برادری کے افراد پر مقدمہ داخل کر دیا، جن میں خواتین بھی شامل ہیں، ملاح برادری کے گھر گرانے کے لئے کرین نہ دینے پر محراب پور پولیس نے عالم پٹھان کی کرین کے شیشے توڑ دیئے ، ٹائروں سے ہوا نکال دی اور بیٹری لے گئی، پولیس گردی کے خلاف عالم خان نے پٹھان برادری کے ہمراہ احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس غنڈا گردی پر اتر آئی ہے ، ایس ایس پی نوشہرو فیروز میر روحل کھوسو نوٹس لیکر ایس ایچ او راجہ نوید سرفراز نواز کو معطل کرکے ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کریں بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ کار بڑھانے کے ساتھ سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔