حیدر آباد:مضرصحت کھانا کھانے سے 75 افراد کی حالت غیر

حیدر آباد:مضرصحت کھانا کھانے سے 75 افراد کی حالت غیر

تعلقہ اسپتال میں داخل ،ایمرجنسی نافذ ، تمام افراد کی حالت خطرے سے باہرڈپٹی کمشنر نے سندھ فوڈ اتھارٹی کو پکوان سینٹر کیخلاف انکوائری کا حکم دے دیا

حیدر آباد (بیورو رپورٹ) حیدرآباد کے قاسم آباد سحرش نگر کی کچی آبادی میں مضرصحت کھانا کھانے سے 75 افراد کی حالت غیر ہوگئی جنہیں فوری طورپر تعلقہ اسپتال میں داخل کرادیا گیا ، جہاں تمام متاثرہ افراد کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے ۔ سحرش نگر میں گزشتہ رات شادی کی تقریب میں بچا ہوا کھانا کھانے سے سحرش نگر کچی آبادی کے رہائشی 75 افراد فوڈ پوائزن کا شکار ہوگئے ، جنہیں فوری طورپر تعلقہ اسپتال قاسم آباد میں طبی امداد کے لئے لے جایا گیا، جہاں تمام افراد کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھاگیا ہے ۔ ڈاکٹروں کے مطابق تمام افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔ ڈی ایچ او ڈاکٹر پیر غلام حسین نے بتایا کہ فوڈ پوائزن کا شکار ہونے والے افراد میں بچے ، خواتین اور مرد شامل ہیں اور متاثرہ افراد کی کسٹرڈ کھانے سے حالت غیر ہوئی۔ ادھر ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن نے اس حوالے سے مزید مریضوں کی متوقع آمد کے پیش نظر تعلقہ اسپتال قاسم آباد میں ایمرجنسی نافذ کردی ، جبکہ جس پکوان سینٹر سے کھانا بنوایا گیا تھا سندھ فوڈ اتھارٹی کو اس سینٹر کے حوالے سے انکوائری کے احکامات بھی جاری کر دئیے گئے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں