جناح اسپتال کے گائنی وارڈ میں جدید آپریشن تھیٹرکاافتتاح

جناح اسپتال کے گائنی وارڈ میں جدید آپریشن تھیٹرکاافتتاح

جلد ہی آئی سی یو سروسز بھی شروع کی جائیں گی،ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو طبی عملے کی کمی کو پورا کرنے کے لیے مزید بھرتیاں کی جائیں گی،وزیر صحت

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر میں گائنی اینڈ آبسٹیٹرکس کے جدید ماڈیولر آپریشن تھیٹرز کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا۔افتتاحی تقریب میں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو  نے شرکت کی جنہوں نے جدید او ٹی بلاک کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گائنی وارڈ میں جدید مشینری سے آراستہ آپریشن تھیٹرز کو فعال کردیا گیا ہے جس سے مریضوں کو فوری اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں گی۔ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کا کہنا تھا کہ او ٹی اور ایمرجنسی سروسز کا باقاعدہ آغاز ہوچکا ہے جبکہ جلد ہی آئی سی یو سروسز بھی شروع کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ نومولود بچوں کے لیے خصوصی این آئی سی یو یونٹ کے قیام کی منصوبہ بندی بھی جاری ہے ۔اسپتال میں مختلف امراض کے مریضوں کے لیے علاج کی سہولیات میں مسلسل توسیع کی جارہی ہے اور گائنی وارڈ میں جدید طبی آلات کے ذریعے علاج کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ اسپتال میں طبی عملے کی کمی کو پورا کرنے کے لیے مزید بھرتیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ حالیہ عرصے میں بھی کچھ بھرتیاں کی جاچکی ہیں، ماضی میں بعض افراد بھرتیوں کے خلاف عدالت چلے جاتے تھے تاہم اب بھرتیوں کے عمل کو تیز کردیا گیا ہے ۔ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کے مطابق جناح اسپتال میں بیڈز کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں