نوکوٹ سٹی، نبی سرروڈ کوباضابطہ لوڈشیڈنگ فری قرار دیدیا گیا

نوکوٹ سٹی، نبی سرروڈ کوباضابطہ لوڈشیڈنگ فری قرار دیدیا گیا

حریم گارڈن میں روشنیوں کاسفر تقریب، حیسکو چیف نے منصوبے کا افتتاح کیاواپڈا میٹر، تاروں اور دیگر تنصیبات کیساتھ چھیڑ چھاڑ قبول نہیں، فیض اللہ ڈاہری

نوکوٹ (نمائندہ دنیا)19 سالہ طویل انتظار کے بعد نوکوٹ سٹی کو باضابطہ طور پر لوڈشیڈنگ فری قرار دیدیا گیا، اس سلسلے میں حریم گارڈن نوکوٹ میں روشنیوں کا سفر کے عنوان سے تقریب ہوئی، جس میں حیسکو چیف ایگزیکٹو آفیسر فیض اللہ ڈاہری نے خصوصی شرکت کرتے ہوئے نوکوٹ سٹی فیڈر اور نبی سر روڈ فیڈر کو لوڈشیڈنگ فری کرنے کے منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ تقریب میں ضلعی چیئرمین نوابزادہ میر انور تالپور، اے سی حیسکو میرپورخاص امیر احمد میمن ودیگر نے شرکت کی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ نوکوٹ کے عوام نے گزشتہ 19 برسوں کے دوران شدید گرمی، طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سمیت بے شمار مشکلات کا سامنا کیا، مگر آج یہ دیرینہ مسئلہ حل ہونے کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے۔

حیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فیض اللہ ڈاہری نے کہا ادارے کی جانب سے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کے بعد صارفین کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اچھے شہری اور ذمہ دار صارف ہونے کا ثبوت دیں، انہوں نے واضح کیا کہ واپڈا کے میٹر، تاروں اور دیگر تنصیبات کے ساتھ حیسکو عملے کے علاوہ کسی قسم کی چھیڑ چھاڑ کی ہرگز اجازت نہیں دی جائیگی، انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ بجلی کا درست استعمال کریں اور اپنے بل بروقت ادا کریں تاکہ نوکوٹ اور نبی سر میں روشنیوں کا یہ سفر مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جا سکے ۔ شہریوں نے اس اقدام کا خیرمقدم کیا، اور کہا تجارتی سرگرمیوں میں نمایاں بہتری آئیگی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں