صومالیہ میں قید پاکستانیوں کی رہائی کیلئے اقدامات کا مطالبہ
جماعت اسلامی کا پریس کلب پر احتجاج، حکومت سے مؤثر سفارتی مداخلت کی اپیلیرغمالیوں کی باحفاظت واپسی تک آواز بلند کرتے رہینگے ،سیف الدین ایڈووکیٹ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)قائم مقام امیر جماعت اسلامی کراچی اور اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈووکیٹ نے جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق اورصومالیہ کے بحری قزاقوں کے قبضے میں موجود پاکستانی شہریوں کے اہل خانہ کے ہمراہ کراچی پریس کلب میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کرتے ہوئے فوری اور مؤثر سفارتی و انتظامی اقدامات کیے جائیں تاکہ یرغمال پاکستانی بحفاظت وطن واپس آسکیں ۔جماعت اسلامی صومالیہ کے بحری قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے پاکستانیوں کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی باحفاظت واپسی کے لیے ہر ممکن آواز بلند کرتی رہے گی۔ یہ چند افراد یا گروہ کا نہیں بلکہ خالص انسانی ہمدردی کا معاملہ ہے۔
21 اپریل کو صومالیہ کے بحری قزاقوں نے پاکستانیوں کو یرغمال بنایا تھا اور آج 2ماہ گزرنے کے باوجود ان کی رہائی کے لیے حکومت کی جانب سے کوئی مؤثر پیش رفت سامنے نہیں آئی۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے بھی اس اہم انسانی مسئلے پر کراچی میں خصوصی پریس کانفرنس کی تھی اور جماعت اسلامی مسلسل اس معاملے کو حکومتی سطح پر اجاگر کر رہی ہے ۔ اسلام آباد میں متعلقہ حکام سے متاثرہ خاندانوں کی ملاقاتوں کے لیے کوششیں جاری ہیں جبکہ حافظ نعیم الرحمن وفاقی وزراء اور دیگر اعلیٰ حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ یرغمال پاکستانیوں کی جلد از جلد رہائی ممکن بنائی جا سکے ۔