ایم ڈی سالڈ ویسٹ کا محرم کے جلوس کے راستوں کا معائنہ
مکینیکل سوئپنگ، چونے کا چھڑکاؤاور زائرین کے لئے کیمپ لگانے کی ہدایتانتظامات مکمل ،زائرین کوشکایات کا موقع نہیں دیا جائے گا،طارق علی نظامانی
کراچی(اسٹاف رپورٹر )منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طارق علی نظامانی نے محرم الحرام کے انتظامات کے سلسلے میں ضلع کیماڑی اور غربی کے علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ممتاز حسین، ڈپٹی ڈائریکٹر جمال شاہ اور کمپنی کے نمائندگان موجود تھے ۔ ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے دورے کے دوران امام بارگاہوں و جلوس کے راستوں کی صفائی ستھرائی،چونے کے چھڑکاؤو دیگر صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے تمام اہم مقامات پر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی مشینری وعملہ تعینات کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے امام بارگاہوں و جلوس کے منتظمین سے بھی ملاقات کی اور بتایا کہ محرم الحرام کے سلسلے میں تمام انتظامات مکمل ہیں، زائرین کو کسی قسم کی شکایات کا موقع نہیں دیا جائیگا۔
انہوں نے بتایا کہ امام بارگاہوں کے منتظمین، ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں کے ساتھ انتظامات کیلئے مکمل کوآرڈینیشن میں ہیں، علاقوں کادورہ کرکے صفائی ستھرائی کا معائنہ بھی کیا جا رہا ہے ۔متعلقہ کمپنی نے ایم ڈی سالڈ ویسٹ کو بتایا کہ جلوس کے راستوں، مجالس، امام بارگاہوں ومساجد کے اطراف صفائی کے لئے شفٹوں میں ٹیمیں تعینات کی جائیں گی، بالخصوص 9,8 اور10 محرم کو ٹیمیں جلوس کے ساتھ بروقت صفائی کا کام بھی انجام دینگی۔ اس کے علاوہ ضرورت کے مطابق اضافی عملہ تعینات کیا جائے گا۔