طلبا شارٹ کٹ چھوڑ کر مسلسل محنت کو شعار بنائیں ، حنیف گوہر
نئی ٹیکنالوجی کوسوچ، مطالعے اور تجزیاتی صلاحیتوں کا متبادل نہ بنایاجائے صنعت و جامعات کا اشتراک مستقبل کی ضرورت ہے ، ڈاکٹر زبیر احمد شیخ
کرچی (اسٹاف رپورٹر)محمد علی جناح یونیورسٹی میں فیکلٹی آف بزنس ایڈمنسٹریشن کے زیراہتمام مارکیٹ ملاقات 2.0کے عنوان سے ایک جامع اور معلوماتی سیشن کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد طلبا کو صنعت کے ممتاز رہنماؤں سے براہِ راست جوڑنا، عملی کاروباری تجربات سے روشناس کرانا اور انہیں مستقبل کے تقاضوں کے مطابق تیار کرنا تھا۔ا س موقع پر گوہر گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین حنیف گوہر نے کہا کہ کتابی علم کے ساتھ عملی زندگی کے تجربات بھی کامیابی کے لیے ناگزیر ہیں۔ طلبا شارٹ کٹ کی سوچ سے نکل کر مسلسل محنت اور جدوجہد کو اپنا شعار بنائیں کیونکہ بڑی کامیابیاں راتوں رات حاصل نہیں ہوتیں بلکہ برسوں کی محنت اور مستقل مزاجی کا نتیجہ ہوتی ہیں۔ نئی ٹیکنالوجی سے فائدہ ضرور اٹھایا جائے لیکن اسے اپنی سوچ، مطالعے اور تجزیاتی صلاحیتوں کا متبادل نہ بنایا جائے ۔ محمد علی جناح یونیورسٹی کے صدر اور وائس چانسلرڈاکٹر زبیر احمد شیخ نے کہا کہ موجودہ دور میں جامعات اور صنعت کے درمیان مؤثر اشتراک ناگزیر ہو چکا ہے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طلبا کو صرف معیاری تعلیم ہی نہیں بلکہ عملی تجربات، قائدانہ صلاحیتوں اور صنعت کی ضروریات سے ہم آہنگ مہارتوں سے بھی آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔سیشن میں صنعت سے تعلق رکھنے والے ماہرین بومبیز گروپ کے سی ای او فیصل انیس، دادا فارم سی فوڈ کے سی ای او علی طاہر، پایونیرآٹوموبائل کے سی ای او احسن ارشد نے بھی اپنے کاروباری سفر، مارکیٹ کے تقاضوں اور پیشہ ورانہ تجربات طلبا کے ساتھ شیئر کیے ۔