ڈی ایچ اے میں ٹریفک حادثہ، ریسکیو 1122سندھ کا بروقت رسپانس

ڈی ایچ اے میں ٹریفک حادثہ، ریسکیو 1122سندھ کا بروقت رسپانس

کراچی (این این آئی)ڈی ایچ اے فیز 6 کے علاقے خیابانِ راحت کے قریب ٹریفک حادثے کی اطلاع ملتے ہی سندھ ایمرجنسی ریسکیو سروس 1122 کے سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے فوری طور پر ڈیزاسٹر ریسپانس وہیکل اور۔۔۔

 ایمبولینس روانہ کی گئی۔ ترجمان ریسکیو 1122 سندھ جسان الحسیب کے مطابق ریسکیو ٹیمیں چند ہی لمحوں میں موقع پر پہنچ گئیں اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ امدادی و ریسکیو کارروائیاں شروع کر دیں۔ترجمان نے بتایا کہ حادثہ  تیز رفتار ٹینکر کے سڑک کنارے نصب بجلی کے کھمبے سے ٹکرانے کے بعد الٹ جانے کے باعث پیش آیا، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار تین افراد اندر پھنس گئے ۔ ریسکیو اہلکاروں نے خصوصی ریسکیو آلات کی مدد سے متاثرین کو نکالنے کے لیے فوری آپریشن کیا۔ریسکیو ٹیم نے 13 سالہ حزیفہ ولد یاسر کو بحفاظت نکال کر موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی، جبکہ 24 سالہ سہیل ولد نیاز کو بھی محفوظ طریقے سے باہر نکال کر ضروری طبی سہولیات مہیا کی گئیں۔ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران ٹینکر کے نیچے دبے ایک شخص کو بھی نکالا گیا، تاہم وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو چکا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں