ایرانی سفیر کا شہید علی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت پر پاکستان سے اظہار تشکر
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے شہید ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت پر پاکستان سے اظہار تشکر کیا ہے۔
ایکس پر جاری بیان میں ایرانی سفیر نے کہا کہ ایرانی حکومت اور عوام کی جانب سے شہید رہبر کے جنازے میں پاکستان کی شرکت پر شکریہ ادا کرتا ہوں، وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل اور نائب وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، سپیکر ایاز صادق، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراطلاعات عطا تارڑ اور دیگر اعلیٰ حکام سمیت مذہبی شخصیات، سیاسی رہنماؤں اور ثقافتی شخصیات کی شرکت پر بھی شکر گزار ہوں۔
ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اس تاریخی تقریب میں اعلیٰ ترین سطح پر شرکت کی، یہ شرکت دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی، باہمی احترام کا مظہر ہے، یہ اقدام ایران، پاکستان کے درمیان تاریخی روابط اور مشترکہ اقدار کی عکاسی کرتا ہے، ایران، پاکستان نے تاریخ کے ہر مشکل، خوشی کے موقع پر ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔
رضا امیری مقدم کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک یکجہتی اور باہمی تعاون کے جذبے کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ایران، پاکستان کی دوستی، برادرانہ تعلقات ہمیشہ قائم رہیں، اللہ تعالیٰ دونوں ممالک کو دائمی امن، خوشحالی اور وقار عطا فرمائے، اللہ تعالیٰ ایران، پاکستان کے تعلقات کو آنے والی نسلوں تک مزید مضبوط بنائے۔