شکست خوردہ مودی شدید دباؤ کا شکار، پراپیگنڈے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا: خواجہ آصف
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان سے شکست کے بعد مودی شدید دباؤ کا شکار ہیں۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے ان کے خلاف ذاتی حملے کرنے یا انہیں ذہنی طور پر غیر مستحکم قرار دینے سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال پاکستان کے ساتھ جنگ میں شکست کے بعد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اندرونِ ملک اور عالمی سطح پر اپنی گرتی ہوئی ساکھ کے باعث شدید دباؤ کا شکار ہیں۔
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) July 5, 2026
خواجہ آصف نے کہا کہ اس تشہیری مہم کا مقصد نریندر مودی کو ایک عالمی مدبر رہنما کے طور پر پیش کرنا تھا، تاہم اس کے نتیجے میں عالمی سطح پر ان کی ساکھ ایک شعبدہ باز رہنما کے طور پر ابھری ہے۔
انہوں نے کہا کہ دی گارڈین کی ایک رپورٹ میں بھی مودی کو ملنے والے اعزازات کی ساکھ اور شفافیت پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔
وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ بیرونِ ملک سے مصنوعی تعریف و توصیف حاصل کرنے کی مودی کی کوششیں دراصل ملک کے اندر تیزی سے کمزور ہوتی ہوئی سیاسی ساکھ کو سہارا دینے کی ناکام کوشش ہیں۔