فیفا ورلڈ کپ: میکسیکو اور انگلینڈ کے درمیان میچ بارش کے باعث تاخیر کا شکار
میکسیکو سٹی: (دنیا نیوز) فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے پری کوارٹر فائنل میں میزبان میکسیکو اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا اہم مقابلہ شدید بارش کے باعث ایک گھنٹہ تاخیر کا شکار ہوگیا۔
فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے شائقین، کھلاڑیوں اور آفیشلز کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے میچ کا آغاز ایک گھنٹے کیلئے مؤخر کیا، میچ اب پاکستانی وقت کے مطابق صبح 6 بجے شروع ہوگا۔
اطلاعات کے مطابق میکسیکو سٹی کے تاریخی ازٹیکا سٹیڈیم کے اطراف میں شدید بارش، گرج چمک اور آسمانی بجلی کے خطرے کے باعث فیفا کے موسمیاتی حفاظتی پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے میچ میں تاخیر کا فیصلہ کیا گیا۔
یہ رواں ورلڈ کپ میں موسم کی وجہ سے پیش آنے والا ایک اور بڑا تعطل ہے، اس سے قبل بھی میکسیکو کا ایک ناک آؤٹ میچ خراب موسم کے باعث تاخیر سے شروع ہوا تھا، جبکہ فرانس کے ایک گروپ مرحلے کے میچ میں بھی موسمی حالات کے باعث کھیل عارضی طور پر روکنا پڑا تھا۔
یاد رہے کہ میکسیکو اور انگلینڈ کے درمیان اس ہائی پروفائل مقابلے کی فاتح ٹیم کوارٹر فائنل میں ناروے کا سامنا کرے گی، جس نے اپنے گزشتہ میچ میں برازیل کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا تھا۔