شہریوں کو لوٹنے والے ڈکیت گروہ کے 4کارندے گرفتار

شہریوں کو لوٹنے والے ڈکیت گروہ کے 4کارندے گرفتار

پولیس مقابلے کے دوران دوملزمان زخمی،غیر قانونی اسلحہ اورموٹرسائیکلیں برآمد انتہائی منظم گینگ بینکوں سے رقم نکالنے والے شہریوں کی باقاعدہ ریکی کرتا تھا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈسٹرکٹ کیماڑی بلدیہ پولیس نے خفیہ اطلاع پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے بینکوں اور اے ٹی ایم سے کیش لے کر نکلنے والے شہریوں کو نشانہ بنانے والے ایک منظم ڈکیت گروہ کے 4 کارندوں کو مبینہ مقابلے کے بعد گرفتار کرلیا۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے 2 ملزمان زخمی ہوئے جبکہ ان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، گولیاں اور 2 موٹر سائیکلیں برآمد کرلی گئیں۔پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت جاوید (زخمی)، آصف (زخمی)، ذاکر اور سہیل کے ناموں سے ہوئی ہے ۔ ملزمان کے قبضے سے دو غیر قانونی پستول، متعدد زندہ و استعمال شدہ راؤنڈز اور وارداتوں میں استعمال ہونے والی دو موٹر سائیکلیں تحویل میں لے لی گئیں۔ترجمان کیماڑی پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ ایک انتہائی منظم گینگ ہے جو بینکوں سے رقم نکالنے والے شہریوں کی باقاعدہ ریکی کرتا تھا۔ گینگ کا ایک کارندہ بینک کے اندر بیٹھ کر گاہکوں پر نظر رکھتا تھا، دو ملزمان باہر نکلنے والے شہری سے لوٹ مار کرتے جبکہ چوتھا ساتھی موٹر سائیکل پر بیک اپ فراہم کرتا تھا۔دورانِ تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے تقریباً 10 روز قبل بلدیہ میر عالم روڈ پر بینک سے رقم لے کر نکلنے والے شہری نعمان سے بھی لاکھوں روپے کی ڈکیتی کی تھی، جس کا مقدمہ نمبر 161/2026 پہلے ہی تھانہ بلدیہ میں درج ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی سامنے آیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں