جعلی مقابلہ،ایس ایچ اوعوامی کالونی تھانہ معطل
عدنان بخاری نے غفلت اور لاپروائی کا مظاہرہ کیا تھا، ایس ایس پی کورنگیمقابلے میں دو نوجوان زخمی ہوئے ،دونوں اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)عوامی کالونی میں جعلی مقابلے میں نوجوانوں کو زخمی کرنے کے معاملے پر اعلیٰ پولیس حکام نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے عوامی کالونی تھانے کے ایس ایچ او عدنان بخاری کو معطل کر دیا ہے ۔ایس ایس پی کورنگی فدا حسین جانوری کے مطابق ایس ایچ او عوامی کالونی تھانہ عدنان بخاری نے غفلت اور لاپروائی کا مظاہرہ کیا تھا، ایس ایچ او بجائے اس کے کہ معاملے کو کنٹرول کرتا، اسے مزید بگاڑا۔ایس ایس پی کورنگی نے بتایا کہ ایس ایچ او نے زخمی نوجوانوں کے دوست کو بھی غیر قانونی حراست میں لیا اور نوجوانوں کی فیملی سے بدتمیزی کی۔ایس ایس پی کورنگی فدا حسین جانوری نے کہا کہ دونوں اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے ایس ایچ او کو معطل کر دیا ہے جب کہ معاملے پر انکوائری کل رات سے ہی شروع کر دی گئی تھی۔دریں اثنا جعلی مقابلے میں دونوں نوجوانوں کو زخمی کرنے پر پولیس نے زخمیوں کے والد کی مدعیت میں پولیس اہلکاروں حارث شیخ اور ذیشان اسد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے ، یہ اقدام قتل کی دفعہ 324 کے تحت درج کیا گیا ہے ۔ایف آئی آر کے متن میں زخمی عبدالرزاق کا موقف شامل کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ موٹر سائیکل پر کسی کام سے جا رہے تھے ۔ راستے میں موٹر سائیکل سوار دو پولیس اہلکاروں نے رکنے کا اشارہ کیا۔زخمی نوجوان کے مطابق ہم گھبرا گئے ، اسی دوران اہلکاروں نے فائرنگ کر دی۔