روہڑی:جعفر ایکسپریس سے لاکھوں کا نان کسٹم سامان برآمد
کپڑا،چاکلیٹ،اسپیئر پارٹس ودیگر شامل، اسٹیشن پرپولیس کارروائی سے مسافر خوفزدہروانگی سے قبل چیکنگ نہ کرنے پر سوالات، تحقیقات وذمہ داروں کاتعین کیا جائے ، گفتگو
روہڑی(نمائندہ دنیا)کوئٹہ سے پشاور جانیوالی جعفر ایکسپریس کی پارسل بوگی سے روہڑی اسٹیشن پر ریلوے پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے مبینہ لاکھوں روپے مالیت کا نان کسٹم سامان برآمد کر لیا، کارروائی کے بعد نہ صرف پارسل بکنگ اور سکیورٹی نظام بلکہ سامان کی جانچ پڑتال، نگرانی کے طریقہ کار اور متعلقہ عملے کے کردار پر بھی سوالات اٹھ گئے ۔ ذرائع کے مطابق جعفر ایکسپریس ہفتہ کی شب جیسے ہی روہڑی اسٹیشن پہنچی تو ریلوے پولیس نے پارسل بوگی پر کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر لاکھوں روپے مالیت کا سامان قبضے میں لے لیا برآمد سامان میں کپڑا، چاکلیٹ، اسپیئر پارٹس اور دیگر مختلف اشیاء شامل ہیں۔ حکام کے مطابق سامان کی جانچ پڑتال جاری ہے قانونی دستاویزات اور کسٹم کلیئرنس رکھنے والا سامان متعلقہ مالکان کے حوالے کیا جائے گا، جبکہ بغیر دستاویزات والے سامان کو مزید کارروائی کے لیے کسٹم حکام کے سپرد کیا جائے گا۔ عینی شاہدین کے مطابق اچانک کارروائی پرمسافروں میں خوف، بے چینی اور تشویش کی کیفیت پیدا ہوگئی، مسافروں نے مطالبہ کیا کہ جس طرح ٹرین کی مسافر بوگیوں اور مسافروں کی سکیورٹی کیلئے کوئٹہ سے روانگی سے قبل سخت حفاظتی اقدامات کیے جاتے ہیں، اسی طرح پارسل بوگی میں بک ہر سامان کی بھی جدید آلات کے ذریعے مکمل جانچ پڑتال اور تصدیق کو لازمی بنایا جائے ، ان کا کہنا تھا کہ سامان بھیجنے میں عملہ بھی ملوث ہے ، لہٰذا اس کی مکمل تحقیقات کرکے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے ، تاکہ مسافر دوران سفر پریشانی سے بچ سکیں۔