اسٹیڈیم روڈ پر ملبہ پھینکنے والے دو افراد گرفتار
جناح ٹاؤن میں شکایت ملنے پرکارروائی،ملزمان کے خلاف مقدمہ درجکچرا اور ملبہ پھینکنے والوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی، ایم ڈی سالڈ ویسٹ
کراچی(این این آئی)سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے اسٹیڈیم روڈ پر تعمیراتی ملبہ پھینکنے کے الزام میں دو افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرا دیا، جبکہ نیوٹاؤن پولیس اسٹیشن میں مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے ۔ترجمان سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے مطابق ایم ڈی طارق علی نظامانی کی ہدایت پر شہر میں سڑکوں اور رہائشی علاقوں میں کچرا اور تعمیراتی ملبہ پھینکنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ترجمان کے مطابق جناح ٹاؤن میں شکایت موصول ہونے پر ہیلپ لائن 15 کے ذریعے نیوٹان پولیس کو اطلاع دی گئی، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر ملوث دو افراد کو دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ بعد ازاں نیوٹاؤن پولیس اسٹیشن میں ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طارق علی نظامانی نے کہا کہ شہر میں صفائی کے نظام کو متاثر کرنے ، سڑکوں اور شاہراہوں پر کچرا یا تعمیراتی ملبہ پھینکنے اور ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی غیر قانونی عمل یا صفائی قوانین کی خلاف ورزی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام یا سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی ہیلپ لائن 1128 پر دیں۔ایم ڈی نے مزید کہا کہ مختلف علاقوں میں نگرانی کے نظام کو مزید مثر بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو صاف، صحت مند اور بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے ، جبکہ قانون کی خلاف ورزی اور آلودگی پھیلانے والے عناصر کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔