بھوسہ ڈیلرز کی ہڑتال، دودھ کے شدید بحران کا خدشہ

بھوسہ ڈیلرز کی ہڑتال، دودھ کے شدید بحران کا خدشہ

سپلائی معطل ہونے سے ڈیری فارمز میں جانوروں کے لیے خوراک کی قلت مویشیوں کی زندگی داؤ پر لگ گئی، ڈیری فارمرز کی حکومت سے مداخلت کی اپیل

کراچی(آئی این پی ) ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن نے بھوسہ ڈیلرز کی ہڑتال کے باعث دودھ کے بحران کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے حکومت سے فوری مداخلت کی اپیل کر دی۔ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کے سیکریٹری شوکت مختار نے بتایا 20 جولائی سے بھوسے کی ترسیل مکمل طور پر بند ہے ، بھوسہ لانے والے ٹرکوں کے ناجائز چالان اور مبینہ بھتہ خوری کے خلاف ڈیلرز نے احتجاجا سپلائی معطل کر رکھی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ سپلائی معطل ہونے سے کراچی کے ڈیری فارمز میں جانوروں کے لیے خوراک کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے ، جس سے لاکھوں مویشیوں کی زندگی اور صحت داؤ پر لگ گئی ہے ۔

ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ اگر جانوروں کو بروقت اور مناسب خوراک نہ ملی تو مویشی شدید غذائی قلت کا شکار ہو جائیں گے ، جس کے نتیجے میں دودھ کی پیداوار میں نمایا ں کمی واقع ہو جائے گی، خوارک کی یہ کمی برقرار رہنے کی صورت میں کراچی کے شہریوں کو دودھ اور دیگر ڈیری مصنوعات کے شدید بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔بحران کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن نے وزیر اعلی سندھ کو ہنگامی مداخلت کیلئے خط لکھاہے ۔اس کے علاوہ چیف سیکریٹری سندھ، کمشنر کراچی اور آئی جی سندھ کو بھی خطوط ارسال کیے گئے ہیں۔خط میں اعلی حکام سے پرزور مطالبہ کیا گیا ہے کہ سندھ اور بلوچستان سے بھوسے کی ترسیل فوری طور پر بحال کرائی جائے اور جانوروں کی خوراک کی بلا تعطل سپلائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہر کو کسی بھی بڑے ڈیری بحران سے بچایا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...