دولت پور ودیگر شہروں میں حادثات وواقعات، 6جاں بحق
بچہ شامل، مزدا کی ٹکر سے 3سالہ سہیل ڈاہری جاں بحق، 3افراد زخمی ہوئےجھڈو میں موٹر سائیکل پھسلنے سے سفیان، پنگریو میں جھگڑے کا زخمی دم توڑگئے
دولت پور، اندرون سندھ (نمائندگان) اندرون سندھ ٹریفک حادثات، دیگر واقعات نے 6جانیں لے لیں۔ دولت پور میں ٹپال گاؤں کے مقام پر کار نے موٹر سائیکل کوٹکر ماردی جس سے 2نوجوان اظہر ڈاہری اور نور نبی ڈاہری جاں بحق ہوگئے ۔ دونوں چچا بھتیجا تھے ، جاں بحق نوجوانوں کی لاشیں رورل ہیلتھ سینٹر شاہ پور جہانیاں منتقل کر دی گئیں۔ محراب پور میں حاکم موڑ کے پاس مزدا گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 3سالہ سہیل ڈاہری ولد قربان ڈاہری موقع پرجاں بحق ہوگیا، حادثے میں سہانا، شمائلہ اورعرفان ڈاہری زخمی ہوئے ، جنہیں نوابشاہ اسپتال منتقل کردیا گیا، پولیس کے مطابق حادثے کا شکار افراد کا تعلق گاؤں حاجی انور علی ڈاہری سے ہے ۔ دوسری جانب مورو تھانے کی حدود میں چند روز قبل موٹر سائیکل حادثے میں زخمی نوجوان علی رضا سولنگی ولد علی مراد سولنگی دوران علاج دم توڑ گیا،ٹھری میرواہ تھانے کی حدود گاؤں پٹھان خان ملاح میں زرعی اراضی کی تکرار پر شر اور ملاح برادری کے تصادم میں کلہاڑی، ڈنڈے لگنے سے راشد شر، ارشاد شر، ادریس شر سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔ جھڈو کی یونین کونسل گنیرو کے گاؤں گھگھ گوٹھ کے رہائشی 24 سالہ سفیان آرائیں روڈ حادثے میں جاں بحق ہوگئے ، چوہدری سفیان دو روز قبل ٹنڈو کولاچی روڈ پر موٹر سائیکل سے گر کر شدید زخمی ہوگئے تھے ، انہیں علاج کے لیے حیدرآباد منتقل کیا گیا تھا۔ پنگریو کے قریب زمین کے جھگڑے میں زخمی ہاری بھائی خان چانڈیو کراچی کے اسپتال میں دم توڑ گیا، متاثرہ خاندان نے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments