منگھو پیر:بیس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ، کاروباری سرگرمیاں مفلوج

 منگھو پیر:بیس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ، کاروباری سرگرمیاں مفلوج

بچے وبزرگ زیادہ پریشان، اسپتالوں میں مریضوں کوسخت مشکلات کاسامنا

کراچی (سٹی ڈیسک)منگھوپیر ٹاؤن کے مختلف علاقوں بالخصوص یوسی 14 میں بجلی کی بدترین اور طویل لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔ مختلف علاقوں میں یومیہ 20 گھنٹے تک بجلی کی بندش سے معمولاتِ زندگی درہم برہم،کاروباری سرگرمیاں مفلوج اور سرکاری نجی اسپتالوں میں مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ اس سلسلے میں مکینوں کے مطابق کئی علاقوں میں روزانہ 20 گھنٹے تک بجلی کی بندش معمول بن گئی ،جس سے معمولاتِ زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئے ، کاروباری سرگرمیاں اور گھریلو امور بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔بجلی کی طویل بندش کے باعث بچے ، خواتین اور بزرگ شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی چوروں کے خلاف کارروائی ضروری ہے ، تاہم چند صارفین یا علاقوں کی مبینہ بجلی چوری کی سزا پورے علاقے کے عوام کو دینا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ بجلی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ، لیکن باقاعدگی سے بجلی کے بل ادا کرنے والے صارفین کو اجتماعی سزا نہ دی جائے ۔ پیپلز پارٹی یوسی 9 کے صدر جمشید خان امازئی نے متعلقہ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ فوری کم کیا جائے اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ختم کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...