سانحہ پمز حکمرانوں کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ،کاشف سعید
اسپتالوں کی حالت بہتر بنانے کے بجائے افتتاحی تختیوں کو ترجیح دی جارہی غفلت کے مرتکب ذمہ داروں کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی کی جائے
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے اسلام آباد کے پمز اسپتال کے چلڈرن وارڈ میں آتشزدگی کے باعث 15 معصوم بچوں کی المناک اموات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سانحہ جعلی نظام اور جعلی حکمرانوں کے منہ پر کالک کا ٹیکہ اور حکمرانوں کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے ۔ پارلیمنٹ سے چند منٹ کی دوری پر واقع ملک کے بڑے سرکاری اسپتال میں نومولود بچوں کا اس طرح جان سے چلے جانا پورے نظامِ صحت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے ، جن حکمرانوں سے پمز اور پولی کلینک جیسے اسپتال نہیں سنبھلتے وہ 32 صوبوں کو کیسے سنبھالیں گے ؟انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی ترجیح تشہیر، تصویریں اور افتتاحی تختیاں نہیں بلکہ سرکاری اسپتالوں کی حالت بہتر بنانا، ادویات، آکسیجن، وینٹی لیٹرز، فائر سیفٹی اور دیگر ضروری طبی سہولیات کی فراہمی ہونی چاہیے ۔ 15 معصوم بچوں کی موت محض ایک حادثہ نہیں بلکہ پورے نظامِ صحت کے لیے سنگین سوال ہے ۔ ان والدین کا درد ناقابلِ بیان ہے جنہوں نے اپنے بچوں کو علاج اور زندگی کی امید میں ہسپتال کے حوالے کیا، مگر انہیں اپنے لختِ جگر کی لاشیں اٹھانا پڑیں۔ کاشف سعید شیخ نے مطالبہ کیا کہ سانحے کی فوری، شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، آتشزدگی کی وجوہات اور حفاظتی انتظامات میں غفلت کا تعین کرکے ذمہ داروں کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی کی جائے ۔ تحقیقات کے نتائج قوم کے سامنے لائے جائیں اور ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments