بجلی و پانی کا بحران شہریوں کیلئے دردِ سر بن چکا ،بلال عباس
عوام سہولتوں سے محروم ،متعلقہ اداروں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہیپانی چوروں کیخلاف کارروائی،سرپرستوں کو قانون کے کٹہرے میں لانیکامطالبہ
کراچی(این این آئی)پاکستان سنی تحریک کے مرکزی صدر صاحبزادہ علامہ بلال عباس قادری نے بجلی اور پانی کے بحران پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر قائد کے عوام بنیادی شہری سہولتوں سے محروم ہوچکے ہیں، طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور پانی کی بندش شہریوں کیلئے دردِ سر بن چکی ہے ، مگر متعلقہ اداروں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ شدید گرمی اور حبس کے موسم میں گھنٹوں بجلی کی بندش نے گھریلو صارفین، طلبہ، بزرگوں، مریضوں اور کاروباری طبقے کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا ہے جبکہ بجلی کی بندش کے ساتھ پانی کی فراہمی متاثر ہونے سے شہری دوہری اذیت کا شکار ہیں۔
عوام بجلی کے بھاری بل ادا کرنے کے باوجود بنیادی سہولت سے محروم ہیں۔بلال عباس قادری نے کہا کہ متعلقہ محکمے بجلی اور پانی چوری کرنے والوں کیخلاف مؤثر کارروائی کرنے کے بجائے عام شہریوں کو پریشان کررہے ہیں۔ بجلی اور پانی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور ان کی سرپرستی کرنے والوں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے لیکن افسوس کہ شہر کے کروڑوں شہری آج بھی بجلی، پانی، سیوریج، صفائی اور ٹرانسپورٹ جیسی بنیادی سہولتوں کے حصول کیلئے احتجاج اور شکایات کا سہارا لینے پر مجبور ہیں۔ حکمران اور متعلقہ ادارے عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے صرف دعوؤں اور وعدوں تک محدود ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments