ریڈزون اور شارع فیصل کی تزئین و آرائش کے کام کا آغاز
میونسپل کمشنر ، اسسٹنٹ کمشنرز ، ٹاؤنز میونسپل کمشنرز سمیت متعلقہ افسران پر مشتمل واٹس ایپ گروپ بنایا جائے گا کمشنر کی زیرصدارت اجلاس میں ایف ٹی سی ، کارساز اور ائر پورٹ تک شارع فیصل پر250سے زائد کاموں کی نشاندہی
کراچی (اسٹاف رپورٹر )کمشنر کراچی کی ہدایت پر ریڈ زون اور شارع فیصل کو خوبصورت بنانے صفائی ستھرای تزئین آرائش کرنے اور روڈ سائڈ تجاوزات کے خاتمہ کے لئے بلدیہ عظمیٰ ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز کے تعاون سے کام شروع کر دیا گیا ہے ۔کراچی انتظامیہ نے مطلوب بہتری کا کام کرنے کے لئے موجودہ صورتحال کا سروے مکمل کر لیا ہے ۔ بدھ کو کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت ان کے دفتر میں ایک اجلاس میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز ،ٹاؤن میونسپل ایڈ منسٹریشنز ، میونسپل کمشنرز اور اداروں کے افسران نے بریفنگ دی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایف ٹی سی سے کارساز تک شارع فیصل پر خوبصورتی کے کام کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹرز اقرا جنت کریں گی جبکہ کارساز سے ائر پورٹ تک شارع فیصل پر بہتر ی اور تزئین و آرائش کے کاموں کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر نارتھ ناظم آباد رابعہ سید کریں گی۔ فیصلہ کیا گیا کہ متعلقہ افسران پر مشتمل واٹس ایپ گروپ بنایا جائے گا جس میں میونسپل کمشنر بلدیہ عظمی ابرار جعفر، اسسٹنٹ کمشنرز ہیڈ وارٹرز اقرا جنت، اسسٹنٹ کمشنر رابعہ سید، متعلقہ سب ڈویژنز کے اسسٹنٹ کمشنرز، ٹاؤنز میونسپل کمشنرز اور متعلقہ ضلع کا ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز شامل ہوں گے ۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹرز اقرا جنت نے ایف ٹی سی سے کارساز تک بیوٹی فکیشن اور بہتری کے کاموں کے لئے نے ایک سو سے زائد کاموں کی نشاندہی کی جبکہ اسسٹنٹ کمشنر نارتھ ناظم آباد رابعہ سید نے کار ساز سے ائر پورٹ تک شارع فیصل پر مطلوبہ کاموں کے لئے 150 سے زائد کاموں کی نشاندہی کی ہے ۔
فیصلہ کیا گیا کہ بہتری اور تزئین و آرائش اور روڈ سائڈتجاوزات کے خاتمہ سمیت بہتری کے کاموں کو ہر ممکنہ کو ایک ہفتہ میں مکمل کیا جائے گا، بعد ازاں کمشنر کی زیر صدارت اجلاس میں بہتری کے کاموں کا جائزہ لیا جائیگا اورمزید بہتری کی منصوبہ بندی کرکے شارع فیصل کو مزید بہتراور خوبصورت بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر سول لائنز احمد مرتضیٰ نے بتایا کہ مجموعی طورپر سول لائنز میں تین ماڈل روڈز پر بیوٹیفکیشن کا کام کیا جائے گا جن میں بوٹ بیسن سے بلاول چورنگی، دعا چورنگی سے ڈولمن چورنگی، اور شان سرکل سے بوٹ بیسن تک شاہراہ شامل ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments