قیوم آباد میں واٹر ٹینکرز کی بھرمار، مکینوں کو مشکلات
غیر قانونی ہائیڈرنٹس کو پانی فراہم کرنے والے ٹینکرز سے راستے بندڈرائیورز اور کنڈیکٹرز کے راہگیروں سے تلخ کلامی اور بدتمیزی کے واقعات
کراچی (این این آئی)کورنگی ٹاؤن کی یوسی نمبر ایک قیوم آباد میں مبینہ غیر قانونی واٹر ہائیڈرنٹس کو پانی فراہم کرنے والے واٹر ٹینکرز اور بھاری ٹریلرز کی آمد و رفت سے علاقہ مکین شدید مشکلات کا شکار ہوگئے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق 22 وہیلر اور 10 وہیلر ٹریلرز کی مسلسل آمد و رفت کے باعث قیوم آباد کے داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے جبکہ ٹریلرز کے راستوں میں کھڑے رہنے سے راہگیروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مکینوں کا کہنا ہے کہ ٹریلرز ڈرائیورز اور کنڈیکٹرز کی جانب سے راہگیروں سے تلخ کلامی اور بدتمیزی کے واقعات بھی پیش آتے رہتے ہیں، جس سے خواتین، بزرگوں، بچوں اور طلبہ و طالبات کو مشکلات کا سامنا ہے۔
بھاری ٹریفک کے باعث علاقے کی سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے ۔ذرائع کے مطابق قیوم آباد میں قائم مبینہ غیر قانونی ہائیڈرنٹس سے پانی کی فروخت کے باعث علاقے میں ٹینکرز کی آمد و رفت میں اضافہ ہوا ہے ۔ مکینوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف کارروائی اور قیوم آباد میں بھاری ٹریفک کی آمد و رفت کو منظم کیا جائے ۔علاقہ مکینوں نے چیئرمین واٹر کارپوریشن، ایم ڈی واٹر بورڈ،ڈپٹی کمشنر کورنگی، ایس او ٹریفک کورنگی اور چیئرمین یوسی قیوم آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف کارروائی کرکے مشکلات کا حل نکالا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments