کنٹینر سے لاکھوں کی غیر ملکی شراب اور بیئر برآمد
اے این ایف کی پورٹ قاسم پر قائم کنٹینر ٹرمینل پر بڑی کارروائی
کراچی (آئی این پی) دبئی سے آنے والے ایک مشتبہ کنٹینر سے بھاری مقدار میں غیر ملکی شراب اور بیئر برآمد کر لی ہے ۔ اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے پورٹ قاسم پر قائم قاسم انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل پر ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے دبئی سے آنے والے ایک مشتبہ کنٹینر سے بھاری مقدار میں غیر ملکی شراب اور بیئر برآمد کر لی ہے ۔اے این ایف ذرائع کے مطابق یہ کنٹینر دبئی سے لاہور کے لیے بھیجا گیا تھا، جس میں دستاویزات کے مطابق بظاہر مس پرنٹڈ پیپر رولز درآمد کیے جا رہے تھے ۔ تاہم مشکوک کارگو کی بنیاد پر کنٹینر کو ہولڈ کر کے اس کی مکمل تلاشی لی گئی، جس کے دوران بڑی تعداد میں شراب کی بوتلیں اور بیئر کے کارٹنز برآمد ہوئے۔
برآمد شدہ اشیاء کی تفصیلات کے مطابق کنٹینر سے مختلف برانڈز کی مجموعی طور پر 12 ہزار 600 شراب کی بوتلیں (جن میں ایک کھیپ 6 ہزار 720 اور دوسری 5 ہزار 880 بوتلوں پر مشتمل تھی) جبکہ 11 ہزار 040 بیئر کے ٹن برآمد کیے گئے ہیں۔اے این ایف ذرائع کا بتانا ہے کہ اس کارگو کا ایکسپورٹر ’’طریق الجزیرہ جنرل ٹریڈنگ ایل ایل سی دبئی ہے ، جبکہ کنسائنی لاہور کی شاہ عالم مارکیٹ میں واقع ’’کنگ میکر انٹرپرائزز ‘‘کو بتایا گیا ہے ۔واقعے کے بعد اے این ایف کلفٹن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ، اور ملوث ملزمان کی تلاش کی کوششیں جاری ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments