ڈاکوؤں کے جتھے کا پورٹ قاسم میں فیکٹری پردھاوا
پولیس اہلکاروں اور سکیورٹی گارڈ کو یرغمال بنالیا اور لوٹ مار کرکے فرارملزمان اہلکاروں کا سرکاری اسلحہ اور موبائل فونز بھی لے گئے ،مقدمہ درج
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک )ضلع ملیر میں لاقانونیت کی انتہا ہوگئی جہاں 15 سے زائد ڈاکوؤں کے جتھے نے پورٹ قاسم میں قائم فیکٹری پر دھاوا بول کر پولیس اہلکاروں اور سکیورٹی گارڈ کو یرغمال بنالیا اور لوٹ مار کر کے باآسانی فرار ہوگئے ۔ڈاکو واردات کے دوران سرکاری اسلحہ اور سکیورٹی گارڈ کا اسلحہ ، میگزین ، گولیاں اور 3 موبائل فونز چھین کر فرار ہوگئے ۔ بن قاسم پولیس نے اسپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو) سی پیک کے پولیس افسر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔مدعی مقدمہ اے ایس آئی شوکت علی شاہ کے مطابق 28 ستمبر کو بذریعہ فون رات 3 بجکر 53 منٹ پر کانسٹیبل علی نے اطلاع دی کہ 15 سے 20 ملزمان مسلح ہو کر کمپنی کی پیچھے والی دیوار پھلانگ کر آئے اور ڈیوٹی پر موجود کانسٹیبل ارشاد علی ، سکیورٹی گارڈ معشوق علی اور کانسٹیبل مدثر حسین جو کہ سویا ہوا تھا سب کو باندھ کر اہلکار ارشاد علی کی سرکاری رائفل ، لوڈ میگزین ، سکیورٹی گارڈ سے رائفل اور سوئے ہوئے اہلکار مدثر حسین کے سرہانے رکھا ہوا رائفل بمعہ لوڈ میگزین 30 راؤنڈز چھین اور دروازے کی کنڈی لگا کر فرار ہوگئے ۔ایف آئی آر میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ملزمان نے پولیس اہلکاروں اور گارڈ کو باندھا جبکہ یہ واقعہ رات 2 بجکر 45 منٹ پر پیش آیا۔ سیکیورٹی گارڈ نے اپنے ہاتھ بمشکل کھول کر اپنے باندھے گئے دیگر ساتھیوں کے ہاتھ کھولے جبکہ ڈاکو پولیس اہلکاروں اور سیکیورٹی گارڈ سے موبائل فونز بھی چھین کر لے گئے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments