گرین لائن کی زبوں حالی کی ذمہ دار حکومت ، ایم کیوایم

گرین لائن کی زبوں حالی کی ذمہ دار حکومت ، ایم کیوایم

سندھ حکومت کو منتقلی کے بعد سے گرین لائن کی حالت مسلسل خراب ہو رہی ہےمسافروں کی سہولتوں کی بحالی کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں، اراکین سندھ اسمبلی

کراچی (این این آئی) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکین سندھ اسمبلی نے کراچی کے اہم عوامی سفری منصوبے بی آر ٹی گرین لائن کی زبوں حالی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تقریباً ایک سال قبل وفاقی حکومت سے سندھ حکومت کو منتقلی کے بعد سے گرین لائن کی حالت مسلسل خراب ہو رہی ہے ۔ مسافروں کی تعداد میں کمی، اسٹیشنوں پر برقی زینوں اور لفٹس کی بندش اور انفراسٹرکچر کی ٹوٹ پھوٹ نے شہریوں بالخصوص خواتین، بچوں، بزرگوں اور معذور افراد کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے ۔اراکین سندھ اسمبلی نے کہا کہ گرین لائن کراچی کے شہریوں کے لیے ایک اہم سفری سہولت ہے ، لیکن سندھ حکومت کی عدم توجہی کے باعث یہ منصوبہ اپنی افادیت کھوتا جارہا ہے۔

اسٹیشنوں پر برقی زینوں اور لفٹس کی عدم دستیابی، مرمت کے فقدان اور بنیادی سہولتوں کی خراب صورتحال اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ متعلقہ حکام اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا نہیں کر رہے ۔انہوں نے کہا کہ گرین لائن کی دیکھ بھال، مرمت اور شہریوں کو معیاری سفری سہولتوں کی فراہمی اب سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ حکومت سندھ فوری طور پر متعلقہ اداروں کو فعال کرے ، خراب برقی زینوں اور لفٹس کی مرمت یقینی بنائے اور منصوبے کے انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے ۔حق پرست اراکین سندھ اسمبلی نے مطالبہ کیا کہ گرین لائن کو دوبارہ شہریوں کے لیے محفوظ، فعال اور قابلِ اعتماد سفری سہولت بنایا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...