دہلی اسکول تنازع، فریقین کو بات چیت سے حل کی ہدایت
وکیل درخواست گزار کی عمارت ڈی سیل کرنے کی زبانی استدعا مسترد
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے دہلی اسکول اور کالج کی عمارت سیل کیے جانے کے خلاف درخواست پر سیکریٹری تعلیم زاہد علی عباسی کو ڈگری ہولڈر تنظیم کے سیکریٹری کے ساتھ مل کر قابل عمل حل تلاش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی کردی۔ سماعت کے دوران عدالت نے وکیل درخواست گزار کی جانب سے عمارت ڈی سیل کرنے کی زبانی استدعا مسترد کردی۔ ڈگری ہولڈر کے وکیل بیرسٹر اسد احمد نے بتایا کہ 2000 میں ہائیکورٹ نے دہلی اینگلو عربک کالج اینڈ اسکول اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے حق میں ڈگری جاری کی تھی، دہلی کالج کی عمارت پہلے ہی ڈگری ہولڈر کے قبضے میں ہے جبکہ سول عدالت نے تین بلاکس کا قبضہ ڈگری ہولڈر کو دینے کا حکم دیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ناظر کی جانب سے سیل کیا گیا بلاک دو روز بعد انتظامیہ نے ازخود ڈی سیل کردیا تھا۔ بیرسٹر اسد احمد نے کہا کہ محکمہ تعلیم کرائے پر نظرثانی کرے تو قابل عمل حل نکالا جاسکتا ہے ۔ وکیل درخواست گزار نے کہاکہ عدالتی احکامات کی آڑ میں اسکول کی عمارت سمیت مکمل احاطے کو سیل کردیا گیا، جس سے 700 طلبا فوری طور پر متاثر ہوئے ۔ عدالت نے آئندہ سماعت تک فریقین کو بات چیت کے ذریعے معاملے کا حل تلاش کرکے جواب پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments