حیسکو کی بجلی قیمتوں میں اضافے کی درخواست عوام دشمن، ایم کیوایم
مسترد کرتے ،شہری پہلے ہی 44 روپے فی یونٹ بل ادا کرنے پر مجبور ، صابر قائم خانی وزیر اعظم شہباز شریف وزارت پانی و بجلی، حیسکو کی کارکردگی کا نوٹس لیں، راشد خان
حیدر آباد (بیورو رپورٹ) ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین سندھ اسمبلی صابر قائم خانی اور راشد خان نے کہا ہے کہ حیسکو نے بجلی قیمتوں میں اضافے کیلئے نیپرا کو درخواست دے کر عوام دشمن رویہ اپنایا ،جبکہ ادارے میں انتظامی اصلاحات کی اشد ضرورت ہے ۔حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صابر قائم خانی نے کہا کہ حیسکو کی جانب سے نیپرا کو بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست سراسر عوام دشمن ہے جسے وہ مسترد کرتے ہیں۔ شہری پہلے ہی 44 روپے فی یونٹ کے حساب سے بل ادا کرنے پر مجبور ہیں، ایسی صورتحال میں مزید اضافہ عوام کے لیے عذاب ثابت ہوگا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ حیسکو کو ایک پارٹ ٹائم چیف ایگزیکٹو آفیسر چلا رہا ہے جبکہ ادارے میں مستقل سی ای او کی تعیناتی کی فوری ضرورت ہے ۔ وفاقی وزیر پانی و بجلی اور سیکرٹری نے آج تک حیدرآباد کا دورہ نہیں کیا جبکہ شہر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔ راشد خان نے وفاقی وزارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر بادشاہت کی طرح وزارت چلا رہے ہیں۔ ایک سال سے حیسکو میں کوئی بورڈ آف گورنر نہیں جس کی وجہ سے ادارے کے انتظامی امور پر سنگین سوالات اٹھ رہے ہیں۔ راشد خان نے وزیر اعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ وزارت پانی و بجلی اور حیسکو کی کارکردگی کا فوری نوٹس لیں، ادارے میں انتظامی اصلاحات لائیں اور حیدرآباد کے عوام کو غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور بجلی کے بلند بلوں کے عذاب سے نجات دلائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments