کشمور ،کچے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ،ڈی آئی جی لاڑکانہ
سڑکوں اور اسکولوں کی تعمیر سمیت ترقیاتی سرگرمیاں جاری ہیں، نذیر عباسی جرائم کی روک تھام کیلئے اضافی اقدامات کیے جارہے ،لاڑکانہ پریس کلب کا دورہ
لاڑکانہ (بیورورپورٹ) ڈی آئی جی لاڑکانہ رینج شیراز نذیر عباسی نے پریس کلب کا دورہ کر کے صحافیوں سے تعارفی ملاقات کی اور شہر سمیت رینج بھر میں امن و امان کی صورتحال، جرائم کی روک تھام، غیر قانونی اسلحے کی نقل و حرکت، منشیات فروشی اور ٹریفک کے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے جرائم کے خاتمے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر لاڑکانہ پریس کلب کے صدر عبدالقادر جگرانی، نائب صدر محمد حنیف سہاگ اور جنرل سیکریٹری طارق محمود درانی، سینئر صحافی محمد عاشق پٹھان بھی موجود تھے ۔ڈی آئی جی شیراز نذیر عباسی نے لاڑکانہ پریس کلب سے وابستہ صحافیوں کے صحافتی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے ، وہ اپنے دفتر میں شہریوں سے ملاقات کرتے اور ان کے مسائل حل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، جبکہ جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ کشمور کندھ کوٹ اور شکارپور کے کچے کے علاقوں میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے ، وہاں سڑکوں اور اسکولوں کی تعمیر سمیت ترقیاتی سرگرمیاں جاری ہیں، تاہم بعض جرائم پیشہ عناصر اب بھی سرگرم ہیں، تاہم جرائم کی روک تھام کے لیے اضافی اقدامات بھی کیے جارہے ہیں ۔ انہوں نے روزانہ بڑی تعداد میں کنٹینرز کی آمد کے باعث نگرانی کو ایک چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی اسلحے اور مشتبہ جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خلاف پولیس کارروائیاں جاری ہیں۔ قبائلی تصادم کی روک تھام کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments