میرپورخاص:گنے کی قیمت مقررنہ ہونے سے کاشتکاروں میں تشویش
مہنگائی، پیداواری اخراجات کے مدنظر قیمت 600 تا800 روپے فی من مقرر کی جائے شوگر ملز کو کرشنگ سیزن کے آغاز پر ہی کام شروع کرنے کا پابند بنایا جائے ، کاشتکار رہنما
میرپورخاص (بیورو رپورٹ) ڈگری اور گردونواح میں گنے کی قیمت کا اعلان نہ ہونے کے باعث کاشتکاروں میں تشویش پھیل گئی۔ کاشتکار رہنماؤں کے مطابق حالیہ مہنگائی کے باعث گنے کی کاشت، آبپاشی، دیکھ بھال، ڈیزل زرعی ادویات اور کھاد کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ، جس سے ایک سال کی فصل پر آنے والے اخراجات گزشتہ سیزن کے مقابلے میں کئی گنا بڑھ گئے ہیں، تاہم گنے کی نئی قیمت کے حوالے سے تاحال صورتحال واضح نہیں ہو سکی ہے ،کئی سال سے گنے کی بھرپور پیداوار کے باوجود کاشتکاروں کو مناسب معاوضہ نہیں مل سکا، جبکہ شوگر ملز کی جانب سے کرشنگ سیزن کا آغاز تاخیر سے ہونے کے باعث بھی کسانوں کو نقصان اٹھانا پڑتا ہے ۔ کاشتکار رہنما چودھری سیف اللہ گل نے مطالبہ کیا کہ موجودہ مہنگائی، پیداواری اخراجات کے پیش نظر گنے کی قیمت 600 تا800 روپے من مقرر کی جائے تاکہ کاشتکاروں کو اپنی محنت کا مناسب معاوضہ ملنے اور فصل سے کچھ آمدنی حاصل ہونے کی امید پیدا ہو، بصورت دیگر موجودہ اخراجات کے پیش نظر کسانوں کیلئے معاشی مشکلات مزید بڑھ سکتی ہیں۔ حکومت گنے کے کاشتکاروں کے مسائل حل کرنے کے لیے فوری اجلاس بلائے اور ان کے مفادات کے تحفظ کیلئے واضح پالیسی مرتب کرے۔ گنے کی قیمت کا بروقت اعلان کیا جائے ، شوگر ملز کو کرشنگ سیزن کے آغاز پر ہی کام شروع کرنے کا پابند بنایا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments