ہنڈی حوالہ،نجی بینک کے برانچ منیجر سمیت 5افرادگرفتار
قبضے سے 3لاکھ سعودی ریال نقد،7اسمارٹ ڈیوائسز ،چیک بکس برآمد واٹس ایپ چیٹس، ڈیجیٹل لیجرز اور مالی لین دین کے شواہد موجود ہیں
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک )ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کراچی نے غیر قانونی کرنسی ایکس چینج اور ہنڈی حوالہ کے کاروبار کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے نجی بینک کے برانچ منیجر سمیت 5 افراد کو گرفتار کرلیا۔ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 3 لاکھ سعودی ریال نقد، 7 اسمارٹ ڈیوائسز اور موبائل فونز سمیت مختلف بینکوں کی چیک بکس برآمد کرلی گئیں، کارروائی کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 4 میں واقع ایک نجی بینک کی برانچ پر انکوائری نمبر 107/2026 کے تحت کی گئی۔ گرفتار ملزمان کی شناخت فرحان احمد، فیصل احمد، کاشف علوی، محمد نسیم اور جنید احمد کے نام سے ہوئی ہے ۔کاشف علوی نجی بینک کا برانچ منیجر ہے ، ملزمان مبینہ طور پر غیر قانونی اور غیر مجاز کرنسی ایکسچینج اور ہنڈی حوالہ کے کاروبار میں ملوث تھے ۔کارروائی کے دوران برآمد ہونے والے موبائل فونز میں مبینہ طور پر ہنڈی حوالہ نیٹ ورک سے متعلق واٹس ایپ چیٹس، ڈیجیٹل لیجرز اور مالی لین دین کے شواہد موجود ہیں۔ایف آئی اے نے برآمد شدہ رقم، موبائل فونز اور دیگر ریکارڈ کو ضبطی میمو کے تحت تحویل میں لے لیا ہے ۔ترجمان کے مطابق معاملے میں ملوث دیگر افراد، مالی لین دین کے ذرائع اور ممکنہ سہولت کاروں کا سراغ لگانے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ ملزمان کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت مقدمہ درج کرنے کی کارروائی بھی جاری ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments