تفتیش کی منتقلی کے لیے مقتول کے والد نے عدالت سے رجوع کرلیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) منگھوپیر میں فائرنگ سے طالبعلم روشم خان کے قتل کے مقدمے کی تفتیش کی منتقلی کے لیے مقتول کے والد روئیداد خان نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت غربی سے رجوع کرلیا۔
درخواست گزار کے وکیل قادر خان مندوخیل نے مؤقف اختیار کیا کہ پولیس کی وردیوں میں ملبوس ملزمان نے گھر میں ڈکیتی کے دوران فائرنگ کرکے روشم خان کو قتل کیا تھا، تاہم مقدمے کی تفتیش میں تاحال خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہوسکی۔ وکیل درخواست گزار کے مطابق ابتدائی تفتیشی افسر کی تبدیلی کے باوجود کیس میں کوئی مؤثر پیش رفت سامنے نہیں آئی، جبکہ ضلع غربی کی تفتیشی ٹیم اصل ملزمان کو تحفظ فراہم کررہی ہے ۔ مقتول کے اہل خانہ کو مقامی پولیس پر اعتماد نہیں رہا اور تفتیشی ٹیم تبدیل کرنے کے لیے پولیس کے اعلیٰ حکام کو درخواستیں دینے کے باوجود مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ مقدمے کی تفتیش ضلع غربی کی موجودہ ٹیم سے لے کر کسی دوسرے ضلع کی پولیس، کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (سی آئی اے ) یا اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) کے حوالے کرنے کا حکم دیا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments