امتحانات میں تاخیر،ایس ایم لاکالج کے طلبا عدالت پہنچ گئے
کالج اور جامعہ کراچی میں اختلافات سے تعلیمی سال ضائع ہورہا ،درخواست محکمہ جامعات ، کالج ایجوکیشن، کالج پرنسپل اور کنٹرولر امتحانات جامعہ کراچی فریق
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایس ایم لا کالج کے سیمسٹر امتحانات میں تاخیر کے خلاف اسلامی جمعیت طلبہ نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ کالج اور جامعہ کراچی کے درمیان اختلافات کے باعث طلبہ کا تعلیمی سال ضائع ہورہا ہے ۔ درخواست گزاروں کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ کے مطابق تعلیمی سیشن 2025 کے پہلے سیمسٹر کے امتحانات 27 جولائی سے 3 اگست تک منعقد کرنے کا شیڈول جاری کیا گیا تھا، تاہم مقررہ تاریخوں پر امتحانات منعقد نہیں کیے گئے اور تاحال نئی تاریخوں کا اعلان بھی نہیں کیا گیا۔ وکیل درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ امتحانات نہ ہونے کے باعث طلبہ اگلے سیمسٹر میں داخلہ نہیں لے سکے ، جس سے ان کی تعلیم متاثر ہورہی ہے ۔ کالج اور جامعہ کراچی کے درمیان امتحانات اور جوابی پرچوں کی جانچ کے طریقہ کار پر تنازع میں طلبہ کا کوئی کردار نہیں، اس کے باوجود انہیں اس کے نتائج بھگتنا پڑ رہے ہیں۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ کالج اور جامعہ کے درمیان اختلافات کا بوجھ طلبہ پر نہیں ڈالا جاسکتا اور امتحانات میں غیر ضروری تاخیر سے ان کا قیمتی تعلیمی وقت ضائع ہورہا ہے ۔ درخواست میں محکمہ جامعات و بورڈز، محکمہ کالج ایجوکیشن، پرنسپل ایس ایم لا کالج اور کنٹرولر امتحانات جامعہ کراچی کو فریق بنایا گیا ہے ۔ درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ امتحانات 15 روز کے اندر منعقد کرانے اور ایک ماہ میں نتائج جاری کرنے کا حکم دیا جائے ۔علاوہ ازیں سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے کے الیکٹرک کے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر مونس علوی کے خلاف خاتون افسر کو ہراساں کرنے کے کیس میں سابق افسر مہرین عزیز خان کی گورنر سندھ کے فیصلے کے خلاف اپیل کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments