نیپرا ،کے ای گٹھ جوڑ نے شہریوں کا جینا حرام کر دیا،منعم ظفر
کے الیکٹرک کا فارنزک آڈٹ،1500ارب کی سبسڈی کا حساب لیا جائے عوام پرمظالم بند نہ ہوئے تو شہر گیر احتجاج کرینگے ،امیر جماعت اسلامی کراچی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کے الیکٹرک ہیڈ آفس گزری پر شہر میں کے الیکٹرک کی بدترین لوڈشیڈنگ اوراہل کراچی پر ظلم کے حوالے سے احتجاجی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک،نیپرا اور حکومت کے گٹھ جوڑ نے شہریوں کا جینا حرام کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی پورے ملک کی معیشت چلاتا ہے لیکن اس کے شہری کے الیکٹرک کے ظلم کا شکار ہیں،پاکستان کا معاشی حب اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے ،جب شہر میں 8،8 گھنٹے بجلی نہیں ہوگی تو کراچی میں فیکٹریاں بھی کیسے چلیں گی۔ کے الیکٹرک نے لوٹ مار کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ کراچی کے شہریوں کو لوڈ شیڈنگ اور بھاری بھرکم بلوں سے نجات دی جائے ، کے الیکٹرک کا فارنزک آڈٹ کرایا جائے اور کے الیکٹرک کو ملنے والی 1500 ارب روپے کی سبسڈی کا حساب دیا جائے ،کے الیکٹرک نے اپنا رویہ درست اور کراچی کے عوام پر ظلم بند نہ کیا تو شہر بھر میں احتجاج کی کال دیں گے ۔منعم ظفر خان نے کہا کہ جماعت اسلامی حق دو کراچی مہم جاری رکھے گی، اگر بیڈ گورننس کی بات کی جائے تو پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت میں کراچی سے کشمور تک ڈاکو راج قائم ہے ، عوام بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ گلشن حدید میں پیش آنے والا واقعہ انتہائی افسوسناک اور اندوہناک ہے ، روٹی،کپڑا اور مکان دینے کے دعویداروں نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments