وزیر صنعت کاسائٹ کادورہ،غیرحاضرملازمین پربرہم
تاخیر سے دفتر پہنچنے والے ملازمین کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی ہدایت صفائی ستھرائی سمیت سکیورٹی کے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے ،جام اکرام
کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے سائٹ کا اچانک دورہ کیا اور مختلف شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے انتظامی امور، ملازمین کی حاضری، صفائی ستھرائی اور سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایم ڈی سائٹ احمد فواد شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔صوبائی وزیر نے دورے کے دوران ملازمین کے حاضری رجسٹر چیک کیے اور غیر حاضر ہونے یا تاخیر سے دفتر پہنچنے والے ملازمین کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری امور کی انجام دہی میں نظم و ضبط اور وقت کی پابندی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔جام اکرام اللہ دھاریجو نے ہدایت کی کہ سائٹ کے تمام شعبوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں اور صفائی ستھرائی سمیت سکیورٹی کے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری اور پابندیٔ وقت کے ساتھ انجام دیں، بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تاجر برادری کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام انتظامی اور دفتری امور میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے تاکہ ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے کے ساتھ صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ دیا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments