ٹراما سینٹر کی تینوں سی ٹی اسکین مشینیں خراب مریض پریشان
مشینوں کی خرابی کے باعث علاج کے عمل میں تاخیر کا خدشہ ،ہنگامی مریضوں کو تشخیصی سہولت کے حصول میں مشکلات کا سامنا متعدد مریض سول اسپتال منتقل، مرمت اور متبادل انتظامات ، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے ، شہری حلقوں کا مطالبہ
کراچی(این این آئی)شہید محترمہ بینظیر بھٹو انسٹی ٹیوٹ آف ٹراما، سول اسپتال کراچی میں سی ٹی اسکین کی تینوں مشینیں مبینہ طور پر کئی روز سے خراب ہونے کے باعث ہنگامی مریضوں کو تشخیصی سہولت کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے ، جبکہ متعدد مریضوں کو اسکین کے لیے سول اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق سی ٹی اسکین کی سہولت متاثر ہونے سے مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ۔ حادثات، سر اور دماغ کی سنگین چوٹوں، اندرونی زخموں اور دیگر ہنگامی طبی پیچیدگیوں کے شکار مریضوں کے لیے فوری تشخیص انتہائی اہم ہوتی ہے ، تاہم مشینوں کی خرابی کے باعث علاج کے عمل میں تاخیر کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض مریضوں کو مزید تشخیص کے لیے دوسرے طبی مرکز منتقل کرنا پڑ رہا ہے ، جس سے ہنگامی صورتحال میں مریضوں اور ان کے اہل خانہ کی مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔ ایسے مریضوں کے لیے فوری اسکین اور بروقت علاج کی فراہمی ضروری ہے ۔ٹراما سینٹر میں تینوں سی ٹی اسکین مشینوں کی خرابی کے باوجود مرمت اور متبادل تشخیصی سہولت کے انتظامات سے متعلق صورت حال واضح نہیں ہوسکی۔
اس صورتحال نے مشینوں کی دیکھ بھال، تکنیکی مرمت اور ہنگامی مریضوں کو تشخیصی سہولت فراہم کرنے کے انتظامات پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔شہری حلقوں نے وزیر صحت سندھ اور سیکریٹری صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے مشینوں کی خرابی کی وجوہات معلوم کی جائیں اور ان کی مرمت جلد مکمل کرائی جائے ۔ مرمت میں تاخیر کی صورت میں مریضوں کے لیے متبادل سی ٹی اسکین کی سہولت اور دوسرے اسپتالوں میں محفوظ منتقلی کا موثر انتظام کیا جائے ۔متعلقہ حکام سے یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ مشینوں کی بروقت دیکھ بھال اور مرمت کے نظام کا جائزہ لیا جائے اور اگر کسی سطح پر غفلت سامنے آئے تو ذمہ داروں کا تعین کرکے قواعد کے مطابق کارروائی کی جائے ، تاکہ ہنگامی مریضوں کو بروقت تشخیص اور علاج کی سہولت میسر آسکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments