جعلی امیگریشن ایگزٹ اسٹیمپ پرسفر کی کوشش ناکام
ایف آئی اے نے زیمبیا جانے والے ایبٹ آباد کے رہائشی مسافر کو آف لوڈ کر دیاملزم کا 3 ہزار 200 ملائیشین رنگٹ کے عوض جعلی اسٹیمپ لگوانے کا انکشاف
کراچی (آن لائن)ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے جعلی سفری دستاویزات کے ذریعے بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک مسافر کو زیمبیا روانگی سے قبل آف لوڈ کر دیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق آف لوڈ کیے جانے والے مسافر کی شناخت ایبٹ آباد کے رہائشی عظیم خان کے نام سے ہوئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق امیگریشن کلیئرنس کے دوران مسافر کے پاسپورٹ کے صفحہ نمبر 9 پر درج 2 اکتوبر 2024 کا پاکستانی امیگریشن ایگزٹ اسٹیمپ مشکوک پایا گیا۔ مذکورہ اسٹیمپ کا نمبر KHI-1262 تھا۔ایف آئی اے امیگریشن حکام نے تکنیکی جانچ کے لیے انٹیگریٹڈ بارڈر مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے ریکارڈ کی تصدیق کی تو معلوم ہوا کہ پاسپورٹ پر درج اسٹیمپ کے مطابق کوئی سفری ریکارڈ موجود نہیں ہے۔
جس پر حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مسافر کو بیرون ملک روانگی سے روک دیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مسافر نے اپنے بیان میں انکشاف کیا کہ وہ ماضی میں ورک ویزے پر ملائیشیا گیا تھا، جہاں قیام کی مقررہ مدت سے زائد وقت گزارنے کے دوران اس کا رابطہ ایک ایجنٹ کالا بٹ سے ہوا۔ مسافر کے مطابق مذکورہ ایجنٹ نے 3 ہزار 200 ملائیشین رنگٹ کے عوض اس کے پاسپورٹ پر جعلی پاکستانی امیگریشن ایگزٹ اسٹیمپ لگوانے کا انتظام کیا تھا۔ایف آئی اے حکام نے مسافر کو آف لوڈ کرنے کے بعد مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (اے ایچ ٹی سی) کراچی کے حوالے کر دیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments