سکھر اور ماتلی میں فائرنگ سے دکاندار سمیت 2افراد جاں بحق
قریشی گوٹھ میں دکاندار عظیم چاچڑ نشانہ بنا، کاٹھوڑ میں بھائی نے بھائی کوماردیاگھوٹکی اور محراب پور میں ٹریفک حادثات، فائرنگ سے 9افراد زخمی ہوگئے
اندرون سندھ (نمائندگان)سکھر اور ماتلی میں 2افراد کوقتل کردیا گیا، جبکہ گھوٹکی اور محراب پور میں 9 افراد زخمی ہوگئے ۔ سکھر کے علاقے قریشی گوٹھ میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 58 سالہ دکاندار محمد عظیم چاچڑ جاں بحق ہوگیا، ذرائع کے مطابق محمد عظیم چاچڑ اپنی دکان پر بیٹھا تھا کہ مسلح افراد نے فائرنگ کردی، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ واقعے کو مبینہ کاروکاری تنازعے کاشاخسانہ قرار دیا جا رہا ہے۔ ماتلی کے علاقے کاٹھوڑ میں زمین کی ملکیت کے تنازع پر 2 بھائیوں کے درمیان جھگڑے کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں 50 سالہ قاضی اکبر نظامانی جاں بحق جبکہ نوجوان ہارون نظامانی زخمی ہوگیا۔ واقعے کے بعد جاں بحق شخص اور زخمی نوجوان کو تعلقہ اسپتال ماتلی منتقل کیا گیا، جہاں سے تشویشناک حالت میں حیدرآباد ریفر کردیا گیا۔
مقتول قاضی اکبر نظامانی مہمان بن کر آئے ہوئے تھے۔ گھوٹکی کے علاقے ما تھیلو مومل کی ماڑی کے قریب دن دہاڑے مسلح ڈکیتی کی واردات میں مسلح افراد نے غلام نبی مہر کو موٹر سائیکل پر جاتے ہوئے اسلحے کے زور پر روک کر نقد رقم اور موبائل فون چھین لیا۔ مزاحمت کرنے پر ملزمان نے فائرنگ کرکے غلام نبی مہر کو شدید زخمی کر دیا۔ محراب پور کے علاقے درس میں قومی شاہراہ پر بہادر ڈاہری پٹرول پمپ کے پاس ٹرالر کی زد میں آکر موٹر سائیکل سوار ڈاکٹر اکبر لغاری اور فراز سیہڑ زخمی ہوگئے ، دربیلو شہر میں راجپوت برادری کے دو گروپوں میں ڈنڈے ، اینٹیں، مکے چل گئے جس میں بلاول، رضوان، شان، بلال، ولید راجپوت، طاہر سمیت 7افراد زخمی ہوگئے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments