سستی رہائش فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ، گورنر
وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت قرضوں کی فراہمی قابلِ تحسین پانی، نکاسی آب کے حل کے لیے مربوط حکمتِ عملی اپنانا ہوگی،پیغام
کراچی (این این آئی) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے عالمی یومِ شہروں 2026 کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شہری ترقی کا اصل مقصد ہر شہری کو محفوظ، باعزت اور سستی رہائش کے ساتھ معیاری زندگی فراہم کرنا ہے ۔ رواں سال عالمی یومِ شہروں کا موضوع ’’شہروں کی بحالی، سب کے لیے معیاری رہائش‘‘ ہے ، جو پائیدار شہری ترقی اور رہائشی سہولیات کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت شہریوں کو ایک کروڑ روپے تک آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی قابلِ تحسین اقدام ہے ۔ کراچی کی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر جامع اور مستقبل پر مبنی شہری منصوبہ بندی ناگزیر ہوچکی ہے۔
کچی آبادیوں کی بہتری، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور کم آمدنی والے طبقے کے لیے سستی رہائش کا انتظام وقت کی اہم ضرورت ہے ۔سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ سندھ کے شہروں میں پانی، نکاسی آب، ٹرانسپورٹ اور کچرے کے مسائل کے حل کے لیے مربوط حکمتِ عملی اپنانا ہوگی۔ موسمیاتی تبدیلی، اربن فلڈنگ اور شدید گرمی جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے شہروں کو ماحول دوست بنانا بھی ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں قائداعظم اربن فاریسٹ کا قیام سرسبز اور ماحول دوست شہر کے وژن کی عملی مثال ہے ۔ شہری ترقی کے منصوبوں میں مقامی آبادی کی مشاورت اور شمولیت کو یقینی بنایا جانا چاہیے ۔ شہروں کی بحالی اور ترقی پاکستان کی معاشی ترقی اور خوشحالی کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments