سندھ کی جغرافیائی شناخت کونقصان کی کوشش قبول نہیں، عوامی تحریک

سندھ کی جغرافیائی شناخت کونقصان کی کوشش قبول نہیں، عوامی تحریک

نئی نہریں، دریائے سندھ پردیگر منصوبے سندھ کو نقصان پہنچا سکتے ہیں، رہنمامیرپور خاص میں کانفرنس وسیمینار، نارا کینال میں زہریلا فضلہ چھوڑنے پرتشویش

میرپور خاص (بیورو رپورٹ) عوامی تحریک کی ضلعی کانفرنس اور سندھ کو درپیش خطرات کے موضوع پر سیمینار پریس کلب ہال میں ہوا، جس میں سندھ کی تقسیم، نئے صوبوں کے قیام اور آبادگاروں کو فصلوں کے مناسب معاوضے نہ ملنے سمیت دیگر مسائل پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ کانفرنس سے عوامی تحریک کے مرکزی رہنماؤں عبدالرحمان سموں، ڈاکٹر رسول بخش خاصخیلی، سندھیانی تحریک کی مرکزی صدر عمرہ سموں، نومنتخب ضلعی صدر ڈاکٹر دلدار لغاری اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی تاریخی، قومی اور جغرافیائی شناخت کو نقصان پہنچانے کی کوششیں کسی صورت قبول نہیں کی جائیں گی رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ نئی نہروں کی تعمیر، خصوصاً جلال پور کینال اور دریائے سندھ پر دیگر منصوبے سندھ کو پانی کی شدید قلت اور زرعی تباہی سے دوچار کر سکتے ہیں۔

انہوں نے نارا کینال میں پانی کی مصنوعی قلت اور گھوٹکی ڈرینج منصوبے کے تحت زہریلے صنعتی پانی کے اخراج کے خدشات پر بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے منصوبے کو فوری مسترد کرنے کا مطالبہ کیا۔ مقررین نے کہا کہ سندھ کے کسانوں کو گندم، کپاس اور دیگر فصلوں کے مناسب نرخ نہ ملنے سے زراعت تباہی کے دہانے پر ہے ، جبکہ صوبائی حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہے ۔ انہوں نے تھر کے علاقے ڈانو دھاندل میں ایمبولینس کے آکسیجن سلنڈر پھٹنے سے 10 افراد کی ہلاکت کے واقعے کی تحقیقات اور ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...