کشمیر چوک انڈر پاس منصوبہ،22روز میں 85فیصد کام مکمل

کشمیر  چوک  انڈر  پاس  منصوبہ،22روز  میں 85فیصد  کام مکمل

چیئرمین سی ڈی اے کا منصوبہ کا دورہ، تعمیراتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ،جاری ترقیاتی سرگرمیوں کی رفتار کا معائنہ کیاتعمیراتی معیار، حفاظتی انتظامات اور کام کو 30روز میں مکمل کرنیکی ہدایت ،معیار پر سمجھوتہ نہ کیا جائے،سہیل اشرف

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے کشمیر چوک انڈر پاس منصوبے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تعمیراتی کاموں کی تازہ ترین پیش رفت کا جائزہ لیا اور منصوبے پر جاری ترقیاتی سرگرمیوں کی رفتار کا معائنہ کیا۔دورے کے دوران چیئرمین سی ڈی اے کو بریفنگ دی گئی کہ 31اکتوبر تک صرف 22روز میں منصوبے کا 85فیصد کام کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔ شدید بارش اور خراب موسمی حالات کے باعث 2روز تک تعمیراتی سرگرمیاں جاری نہ رکھی جا سکیں۔ تاہم اس عارضی تعطل کے باوجود منصوبے پر کام تیز رفتاری سے جاری ہے اور اسے مقررہ 30روزہ مدت کے اندر مکمل کر لیا جائے گا۔ منصوبے پر ہونے والی نمایاں پیش رفت متعلقہ ٹیموں کی لگن، عزم اور مسلسل محنت کا مظہر ہے ۔یہ منصوبہ وفاقی دارالحکومت میں جدید انفراسٹرکچر اور شہری سہولیات کی بہتری کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق مکمل کیا جا رہا ہے۔

دورے کے دوران چیئرمین سی ڈی اے نے متعلقہ افسران، انجینئرز اور تعمیراتی ٹیموں کو ہدایت کی کہ کام کی موجودہ رفتار برقرار رکھی جائے۔ دستیاب وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جائے اور باقی ماندہ کام مقررہ 30روزہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے تعمیراتی معیار، حفاظتی انتظامات اور کام کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔شہریوں کی جانب سے سی ڈی اے کی تیز رفتار ترقیاتی کاوشوں اور کشمیر چوک انڈر پاس منصوبے پر ہونے والی نمایاں پیش رفت کو بھرپور سراہا گیا ہے۔ شہریوں نے تعمیراتی سرگرمیوں کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عوامی سہولت اور آسانی کیلئے اہم ترقیاتی منصوبوں کو کم سے کم وقت میں مکمل کرنے کے عزم کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔ کشمیر چوک انڈر پاس سی ڈی اے کا ایک اہم بنیادی ڈھانچے کا منصوبہ ہے ، جس کا مقصد ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانا، ٹریفک کے دباؤ اور رش میں کمی لانا اور شہریوں کو آمدورفت کی بہتر اور ہموار سہولیات فراہم کرنا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...